جدید ٹکنالوجی کے ذریعہ جرائم کی روک تھام کیلئے اقدامات

کاماریڈی میں ڈی جی پی مہندرریڈی کا صحافیوں سے خطاب

کاماریڈی :31؍ ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ ڈی جی پی مسٹر مہیندرریڈی نے آج کاماریڈی میں سٹیزن فیڈ بیاگ سنٹر کا ایس پی آفس میں افتتاح کیااور اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع ہیڈ کوارٹر اور کمشنریٹ کے حدود میں فیڈ بیاگ سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائیگا اور پولیس کے معیاری خدمات ان کی بہتری پیدا کرنے کیلئے تھرڈ پارٹی کال سنٹر کو ریاست گیر سطح پر شروع کیا جارہا ہے حیدرآباد کے بعد پہلی مرتبہ کاماریڈی ضلع میں آغاز کیا گیا ہے ۔ تھرڈ پارٹی کال سنٹر کا حیدرآباد میں بہترین نتائج سامنے آئے ہیں ۔ تلنگانہ پولیس کی جانب سے جدید ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ جرائم کی روک تھام کیلئے بہتر سے بہتر اقدامات کئے جارہے ہیں مسٹر ڈی جی پی مہیندرریڈی نے کہا کہ جدید ٹکنالوجی کے استعمال سے جاریہ سال ان کیسوں کی یکسوئی کی گئی ۔ قتل و دیگر وارداتوں کی یکسوئی کی گئی ۔ تلنگانہ حکومت ریاست گیر سطح پر ترقیاتی کام انجام دیتے ہوئے ملک گیر سطح پر سرفہرست مقام حاصل کیا ہے اور عالمی سطح پر سرمایہ کار تلنگانہ میں سرمایہ کاری کیلئے ریاست کی امن و ضبط کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہی سرمایہ کاری کرتے ہیں جس کی وجہ سے پولیس حکومت کے احکامات کے مطابق ہر ضلع میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے امن و ضبط کو برقرا ررکھنے کیلئے اقدامات کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فرینڈلی پولیس کے تحت ہر پولیس اسٹیشن کے حدود میں پولیس آفیسر متحرک رہتے ہوئے عوام کے تحفظ کیلئے 24×7 کام کرے گی ۔ معیاری خدمت کو انجام دیتے ہوئے پولیس کے وقار کو پورا کرے گی ۔ جرائم کی روک تھام کیلئے اقدامات کی فوری یکسوئی کیلئے موثر انداز میں منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور عوام پولیس کے قریب دوستانہ ماحول کو فروغ دیتے ہوئے ان کے دکھ درد میں شامل رہے گی ۔ اس کیلئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے تلنگانہ کا ہر شہری بغیر یونیفارم یافتہ عہدیدار ہے اور پولیس کا ساتھ دیتے ہوئے ریاست میں امن و ضبط کی برقراری کیلئے پولیس کا ساتھ دیں ۔ سال 2018 پولیس کیلئے ٹکنالوجی کا ساتھ رہے گا ۔ اور 2017 ء میں ٹکنالوجی کے استعمال سے 40 فیصد اہم کیسوں کو اور قتل کے کیسوں کی یکسوئی کی گئی ۔ تلنگانہ پولیس تمام محکمہ جات کا تعاون بھی حاصل کرے گی ۔ خاص طور سے ضلع کلکٹر کاماریڈی کی جانب سے کئے جانے والے تعاون پر مسرت کا اظہار کیا اور ان سے اظہار تشکر بھی کیا ۔ قبل از ڈی جی پی نے ہیلی پیاڈ سے نئے ایس پی آفس کے تعمیری کاموں کا حیدرآباد رینج آئی جی اسٹیفن رویندرا کے ہمراہ کاموں کا جائزہ لیا اور ڈسٹرکٹ پولیس ہیڈ کوارٹر پہنچ کر ضلع کے پولیس عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔اس موقع پر ضلع ایس پی شویتا ریڈی نے ڈی جی پی کو تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے ضلع پولیس کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کی تفصیلات پیش کی اور کاماریڈی ضلع میں امن وضبط کی برقراری کیلئے کئے گئے اقدامات سرقہ ، ڈاکہ زنی کے علاوہ ٹکسلائٹ ، ٹرافک نظام اور خواتین کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے اقدامات ،شی ٹیم کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلات کمپیوٹر کے ذریعہ پیش کی ۔مسٹر مہیندرریڈی نے ضلع پولیس کی کارکردگی پر اطمینان بخش کا اظہار کرتے ہوئے کاماریڈی پولیس ریاست گیر سطح پر بہترین کارکردگی انجام دیتے ہوئے تلنگانہ پولیس کا نام روشن کرے گی کی توقع ظاہر کی اور آئندہ آنے والے دنوں میں بھی بہترین کارکردگی کو انجام دینے کاتوقع ظاہر کی۔اس موقع پر ڈی جی پی کے ہمراہ آئی جی حیدرآباد رینج اسٹیفن رویندرا بھی موجود تھے۔ ڈی جی پی مہنیدرریڈی کاماریڈی پہنچنے پر ضلع کلکٹر ستیہ نارائنا ایس پی آفس پہنچ کر ڈی جی پی سے ملاقات کی اور ضلع کے صورتحال سے واقف کروایا اور صحافتی کانفرنس میں ان کے ساتھ موجود تھے۔