’جب رن بنتے ہیں تو کوئی شکایت نہیں ہوتی ‘

لیکن کبھی گیند اسپن ہوتی ہے تو ہر کسی کو شکایت ہوتی ہے : ہربھجن سنگھ
چینائی۔ 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چینائی کی سست رفتار پچ اگرچہ مختلف گوشوں سے سخت مذمت کا نشانہ بن رہی ہے لیکن سینئر آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے کہا ہے کہ یہ وکٹ بیٹنگ کیلئے دشوار ضرور تھی لیکن ناقابل کھیل تو ہرگز نہیں تھی۔ اس پچ پر گزشتہ روز کھیلنے والے دونوں حریف کپتانوں مہیندر سنگھ دھونی اور ویراٹ کوہلی نے افسوس کا اظہار کیا تھا کیونکہ انڈین پریمیئر لیگ کا کل رات کھیلا گیا پہلا ہی میچ بدترین سردمہری کی نذر ہوگیا تھا۔ ہربھجن سنگھ نے میچ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’دیکھئے یہ میچ بیٹنگ کیلئے دشوار ضرور تھی لیکن کسی بھی طرح ناقابل کھیل تو ہرگز نہیں تھی۔ ہم دراصل اچھی پچوں پر میچس دیکھنے کے عادی ہوگئے ہیں۔ جب کسی وکٹ کے نقصان کے بغیر یا ایک وکٹ کے نقصان پر 180 رنز بنتے ہیں تو کوئی شکایت نہیں کرتا لیکن کبھی اسپن ہوتی ہے تو ہر کسی کو مسئلہ رہتا ہے اور سب کہتے ہیں کہ آخر ایسا کیوں ہوا ہے؟