جاپان ‘ہندوستان کے ساتھ سیکوریٹی دفاع میں مضبوط تعلقات کا خواہاں

نئی دہلی31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انڈو پیسفک ریجن میں چین کی بڑھتے اثر و رسوخ کے درمیان جاپان نے آج میری ٹائیم سکیوریٹی شعبہ کے بشمول ڈیفنس و سکیوریٹی سیکٹر میں ہندوستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کی خواہش ظاہر کی ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ ہندوستان بھی ٹوکیوں کے ساتھ تعاون کو اہمیت دیتا ہے ۔ وزیر دفاع منوہر پاریکر نے کہا کہ جاپان ’’میک ان انڈیا ‘‘میں ترجیحی حلیف ملک ہے ۔ ڈیفنس ٹیکنالوجی سیکٹر میں اقدامات کے بشمول دیگر شعبوں میں ترقی کی جائے گی۔ منوہر پاریکر جو جاپان کے چار روزہ دورہ پر ہیں آج جاپان کے وزیر خارجہ فیومیو کشیڈیا کے ساتھ بات چیت کی ۔ مذاکرات کے دوران کشیڈیا نے زور دے کر کہا کہ دونوں ملک کے درمیان حکمت عملی پر مبنی مشترکہ مفادات پر زور دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جاپان معاشی تعاون میں بھی ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے ۔ منوہر پاریکر نے باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے جاپان کے اقدامات کا خیر مقدم کیا ہے۔ہندوستان اور جاپان باہمی دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے کی سمت کام کررہے ہیں ۔ بیجنگ کے ساتھ ٹوکیو کو جاریہ تنازعہ کے درمیان ہند۔ جاپان تعلقات کو اہمیت دی جارہی ہے ۔