جان کیری کا آئندہ ماہ دورہ کیوبا، تعلقات میں انقلابی پیشرفت

دونوں ملکوں میں سفارتخانوں کے قیام کا فیصلہ، واشنگٹن میں برونوراڈیجس کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب

واشنگٹن ۔ 21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیرخارجہ جان کیری 14 اگست کو کیوبا کا دورہ کریں گے تاکہ ہوانا میں امریکی سفارتخانہ کھولے جانے سے متعلق امور کو قطعیت دی جاسکے۔ یاد ہرے کہ 50 سال کے طویل عرصہ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات بحال ہوئے ہیں۔ جان کیری نے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ فوگی باٹم ہیڈکوارٹرس پر کل کیوبا کے وزیرخارجہ برونوراڈرگس سے ملاقات کی تھی جس کے بعد جان کیری نے یہ عزم کرلیا ہیکہ امریکہ اور کیوبا بھی دو اچھے پڑوسیوں کی طرح ایک دوسرے سے مربوط رہیں گے۔ مسٹر روڈرگس کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران جان کیری نے اخباری رپورٹرس کو بتایا کہ انہوں نے عزم کرلیا ہے کہ کیوبا کے ساتھ اچھے پڑوسی جیسے تعلقات رکھے جائیں گے جس میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے مفاد اور ترجیحات کا احترام کریں گے۔ ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ ہمارے تمام امریکی عوام چاہے وہ امریکہ میں ہوں یا کیوبا میں، مستقبل سے توقعات وابستہ کرلیں کیونکہ جب اتنے طویل عرصہ کے بعد سفارتی تعلقات بحال ہوئے ہیں تو ان کو یوں ہی توڑا تو نہیں جاسکتا۔ یہ بات بھی دلچسپ ہے کہ 1958ء کے بعد سے کیوبا کے کسی بھی وزیرخارجہ کا اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا یہ پہلا دورہ تھا۔

جان کیری نے مزید بتایا کہ روڈرگس کے ساتھ انہوں نے کئی دو رخی معاملات پر تبادلہ خیال کیا، جن میں لاء انفورسمنٹ کے شعبہ میں باہمی تعاون، منشیات کی روک تھام، ٹیلی مواصلات، انٹرنیٹ، ماحولیاتی امور، انسانی حقوق بشمول انسانی تجارت جیسے موضوعات شامل ہیں۔ اسی دوران مسٹر روڈرگس نے پہلی بار لب کشائی کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں آج انسانی حقوق پر جو نظریات پائے جاتے ہیں، ان نظریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اگر امریکہ اور کیوبا کا تقابل کیا جائے تو پتہ چلے گا کہ دونوں ممالک اس نظریہ پر اپنے اپنے ڈھنگ سے سوچتے ہیں لیکن اس کے باوجود ہمارے یہ عزائم ہیں کہ دونوں ممالک رواداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک دوسرے سے ایسے خوشگوار تعلقات استوار کریں گے جو دونوں ممالک کے عوام کیلئے بھی سودمند اور تعمیری ثابت ہوں گے۔ وائیٹ ہاؤس کی جانب سے اس دوران ہوانا میں امریکہ سفارتخانہ اور واشنگٹن میں کیوبا کا سفارتخانہ قائم کرنے کا خیرمقدم کیا گیا۔