جانا ریڈی کے رویہ پر ہریش راؤ کا شدید اعتراض

حیدرآباد ۔ 31 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر امور مقننہ ہریش راؤ نے جانا ریڈی کے رویے پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ سینئیر قائد بزنس اڈوائزری کمیٹی میں کئے گئے فیصلے کو قبول کرنے سے انکار کررہے ہیں ۔ انہوں نے بزنس اڈوائزری کمیٹی اجلاس منٹ کاپی ایوان میں پڑھ کر سناتے ہوئے کہا کہ وقفہ سوالات کے بعد تحریک التواء نوٹس پر غور کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس کو قبول کرنا یا نہیں کرنا اس کا قطعی اختیار اسپیکر اسمبلی پر چھوڑ دیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ وقفہ سوالات سے قبل تحریک التواء نوٹس پر غور کیا جاتا ہے تو وقت ضائع ہوگا ۔ اہم سوالات موضوع بحث بننے سے محروم رہ جائیں گے ۔ وقفہ سوالات کے بعد اس پر غور کرنے کا تیقن دیا گیا باوجود اس کے جانا ریڈی سینئیر قائد ہونے کے باوجود تعاون کرنے سے انکار کررہے ہیں ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ وقفہ سوالات ارکان کا حق ہے ۔ ایوان کی کارروائی کے بارے میں مکمل معلومات رکھنے والے جانا ریڈی کا واک آوٹ کرنے کا فیصلہ غیر مناسب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وقفہ سوالات کے بعد اسپیکر اسمبلی تحریک التواء نوٹس کو پڑھ کر سنائیں گے ۔ آپ کی جو بات ہے وہ عوام تک پہونچ جائے گی ۔ اسپیکر تحریک التواء نوٹس کو قبول کرنے یا مسترد کرنے اس کی اطلاع کے بغیر واک آوٹ کرنا کہاں کا انصاف ہے ۔ وقفہ سوالات کے بعد تحریک التواء نوٹس قبول کی جائے گی ۔ اسپیکر کا فیصلہ سنے بغیر کانگریس کا احتجاج کرنا درست نہیں ہے ۔۔