جامعہ نظامیہ میں آڈیٹوریم کی تعمیر کے ضمن وقف بورڈ سے رقمی اجرائی

چیرمین بورڈ محمد سلیم نے ایک کروڑ کا چیک محکمہ عمارات و شوارع کو پیش کیا
حیدرآباد۔29 ڈسمبر (سیاست نیوز) جامعہ نظامیہ میں آڈیٹوریم کی تعمیر کے سلسلہ میں تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے محکمہ عمارات و شوارع کو ایک کروڑ روپئے جاری کیے گئے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آج ایک کروڑ روپئے کا چیک ڈپٹی ایگزیکٹیو انجینئر آر اینڈ بی محمد عبدالحفیظ کے حوالے کیا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر منان فاروقی موجود تھے۔ حکومت نے 14 کروڑ مالیت سے جامعہ نظامیہ میں عصری آڈیٹوریم کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے اور ابھی تک تعمیری کاموں کے لیے 5 کروڑ روپئے جاری کیے گئے۔ تعمیری کاموں کی تکمیل کے ساتھ بلس داخل کرتے ہوئے وقف بورڈ سے رقم حاصل کی جارہی ہے۔ اس موقع پر صدرنشین محمد سلیم نے آر اینڈ بی انجینئرس کو ہدایت دی کہ آڈیٹوریم کی تعمیر فبروری تک مکمل کرلی جائے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو بانی جامعہ نظامیہ کی عرس اور نظامیہ کی سالانہ تقاریب میں حصہ لیتے ہوئے آڈیٹوریم کا افتتاح کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آڈیٹوریم میں تمام تر عصری سہولتیں دستیاب رہیں گی۔ محمد سلیم عنقریب جامعہ نظامیہ کا دورہ کرتے ہوئے زیر تعمیر آڈیٹوریم کا معائنہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ہند کی عظیم درسگاہ جامعہ نظامیہ سے چیف منسٹر کی قلبی وابستگی ہے اور وہ اس ادارے کی خدمات سے متاثر ہیں۔ حکومت نے جامعہ نظامیہ کی ڈگری کو عثمانیہ یونیورسٹی کی ڈگری کے مماثل قرار دیتے ہوئے تاریخی کارنامہ انجام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انیس الغربا کا ہمہ منزلہ کامپلکس بھی مقررہ مدت میں مکمل کرلیا جائے گا۔