جامعہ نظامیہ آڈیٹوریم کے تعمیری کام جلد مکمل کرنے چیف منسٹر کی ہدایت

اے کے خان اور عمر جلیل کا دورہ جامعہ نظامیہ ۔ مولانا اکبر نظام الدین و مفتی خلیل احمد کے ساتھ کاموں کا معائنہ
حیدرآباد۔/30نومبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے جامعہ نظامیہ میں آڈیٹوریم کی تعمیر کا کام جلد مکمل کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ تعمیری کاموں کا جائزہ لینے کیلئے حکومت کے مشیر اقلیتی اُمور اے کے خاں اور سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے آج جامعہ نظامیہ کا دورہ کیا۔ امیر جامعہ نظامیہ مولانا سید اکبر نظام الدین حسینی صابری اور شیخ الجامعہ مولانا مفتی خلیل احمد کے ہمراہ ان عہدیداروں نے تعمیری کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ آر اینڈ بی کے انجینئرس اور عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ فبروری تک آڈیٹوریم مکمل طور پر تیار کیا جائے تاکہ چیف منسٹر کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آئے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ بانی جامعہ نظامیہ حضرت انواراللہ خان فاروقی ؒ کے عرس اور جلسہ تقسیم اسناد کے موقع پر آڈیٹوریم کا افتتاح کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ عہدیداروں نے کہا کہ کسی بھی صورت میں تعمیری کاموں میں تیزی پیدا کرتے ہوئے فبروری تک آڈیٹوریم مکمل کردیا جائے۔ اس آڈیٹوریم کی تعمیر پر 14 کروڑ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں جس میں سے 5 کروڑ روپئے جاری کئے گئے۔ انجینئرس نے باقی بلز کی عدم اجرائی کی شکایت کی جس پر تیقن دیا گیا کہ وقف بورڈ کے ذریعہ باقی بلز جلد جاری کئے جائیں گے۔ آڈیٹوریم میں 1000 سے زائد افراد کی گنجائش موجود ہے۔ تمام عصری سہولتوں سے آراستہ اس آڈیٹوریم میں ایک سیلر کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ آڈیٹوریم کے باب الداخلہ پر خوبصورت کمان تیار کی جارہی ہے۔ آر اینڈ بی کے انجینئرس نے کام کی پیشرفت کے بارے میں واقف کرایا اور کہا کہ کل سے کام میں مزید تیزی پیدا کی جائے گی۔ مولانا اکبر نظام الدین نے عہدیداروں سے کہا کہ چیف منسٹر کی خواہش کے مطابق جلسہ تقسیم اسناد تک کام مکمل کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے بتایا کہ آڈیٹوریم کی فنیشنگ کا کام جاری ہے اور الیکٹریکل تنصیبات اور دیگر کام جلد ہی شروع کئے جائیں گے۔ بعد میں سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے بتایا کہ وقف بورڈ کو ہدایت دی جائے گی کہ زیر التواء بلز فوری طور پر جاری کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ نظامیہ کا یہ آڈیٹوریم اپنی نوعیت کا ایک منفرد اور عصری سہولتوں سے آراستہ آڈیٹوریم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس کی تعمیر سے جامعہ نظامیہ میں تقاریب کے انعقاد میں سہولت ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر نے اقلیتوں کی بھلائی کے سلسلہ میں جو وعدے کئے ہیں ان پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ اس موقع پر مولانا ظہیرالدین صوفی اور دیگر موجود تھے۔