جالنہ فساد کیس : ایک شخص کو عمر قید تین دیگر مجرمین کو 10 سال جیل

جالنہ (مہاراشٹرا) ، 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جالنہ کی ایک عدالت نے 2008ء میں یہاں سیویلی میں پیش آئے فساد اور دو افراد کی ہلاکت کے کیس میں ایک شخص کو عمر قید اور تین اشخاص کو 10 سال قید بامشقت اور 17 دیگر کو ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی ہے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنس جج ایس ایس کوسامکر نے گزشتہ روز جملہ 21 اشخاص کو مجرم پایا اور 10 دیگر کو بری کردیا۔ شیخ خواجہ قریشی (31 سال) کو عمر قید کی سزا سنائی گئی۔ جج نے اُس پر اور تین دیگر مجرمین پر 5,000 روپئے کا جرمانہ بھی عائد کیا، جنھیں 10 سال جیل کی سزا سنائی گئی ہے۔ سترہ دیگر کو 7,700 روپئے کا جرمانہ لگایا گیا۔ اسپیشل گورنمنٹ پراسکیوٹر سنجیو دیشپانڈے کے مطابق 3 اپریل 2008ء کو سیویلی میں ایک پان شاپ پر قابل اعتراض نغمہ لگانے پر جھگڑا فرقہ وارانہ فساد کی شکل اختیار کرگیا تھا۔ پولیس نے 33 افراد کے خلاف کیس درج رجسٹر کیا تھا، جن میں سے دو ٹرائل کے دوران فوت ہوگئے۔ جج نے پوری سماعت کے دوران 32 گواہوں پر جرح کا معائنہ کیا۔