جاریہ سال 24 آئی ایس آئی ایجنٹس کی گرفتاری

نئی دہلی ۔ 29 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : جاریہ سال پاکستانی انٹلی جنس کے لیے جاسوسی کے الزام میں 24 آئی ایس آئی ایجنٹس گرفتار کرلیے گئے ۔ لوک سبھا میں آج مملکتی وزیر داخلہ ہنسراج اہیر نے ایک تحریری جواب میں بتایا کہ 24 ایجنٹس کے علاوہ ایک پاکستانی جاسوس کو اکٹوبر 2016 کو حراست میں لے لیا گیا جوکہ پاکستانی ہائی کمیشن دہلی میں متعین تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ جاریہ سال گرفتار شدگان میں راجستھان کے 9 ، پنجاب کے 6 ، گجرات کے 2 ، جموں و کشمیر کے 2 ، اترپردیش کا ایک اور دہلی کے 4 شامل ہیں ۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی میں متعین بعض اسٹاف ارکان بھی جاسوسی نٹ ورک میں ملوث ہونے کا شبہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی پولیس کے ہاتھوں گرفتار پاکستانی عہدیدار کو ناپسندیدہ شخص قرار دیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مستقبل میں جاسوسی کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے مناسب اقدامات کئے گئے ہیں تاکہ ملک و قوم کی حفاظت و سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے ۔۔