جادھو پاکستان سے رحم کے طلبگار

اسلام آباد ۔ 22 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی شہری کلبھوشن جادھو نے انہیں ایک ملٹری کورٹ کی جانب سے دی گئی سزائے موت پر اپیلیٹ کورٹ میں ان کی عرضی مسترد کردیئے جانے کے بعد پاکستانی فوجی سربراہ سے رحم کی درخواست کی ہے، آرمی نے آج یہ بات کہی۔ یہ تبدیلی محض ایک ماہ بعد ہوئی ہے جبکہ بین الاقوامی عدالت انصاف نے جادھو کو سزائے موت پر عمل آوری روک دی تھی۔ پاکستان آرمی کے انٹر سرویسیس پبلک ریلیشنس نے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ جادھو نے اپنی اپیل میں پاکستان میں جاسوسی، دہشت گردانہ اور تخریبی سرگرمیوں میں اپنے رول کا اعتراف کیا۔

پاک آرمی نے غلطی سے گھس آئے
چار ہندوستانیوں کو واپس بھیج دیا
لاہور۔ 22 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان آرمی نے آج چار ہندوستانی شہریوں کو ہندوستانی سیکوریٹی فورسیس کے حوالے کردیا، جو نادانستگی سے سرحد عبور کرکے اس ملک میں داخل ہوگئے تھے۔ یہ ہندوستانی شہری واگھا اور نورووال سرحدوں سے کچھ عرصہ قبل پاکستان میں گھسے تھے۔ انہیں گرفتار کرکے تحقیقات کیلئے پولیس کے حوالے کردیا گیا تھا۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ پاکستان رینجرس نے آج 4 ہندوستانیوں سوہن لال، سورج رام، عبدالمجید اور محمد مقبول لون کو واگھا سرحد پر بی ایس ایف کے حوالے کردیا۔