جادھو مقدمہ : بین الاقوامی عدالت انصاف میں پاکستان کا جواب

عدالت میں 400 صفحات طویل ہندوستانی دلائل پر پاکستان کا ردعمل

اسلام آباد ۔ 17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج اپنا دوسرا تحریری جواب ہندوستان کے دلائل پر بین الاقوامی عدالت انصاف میں سزائے موت یافتہ ہندوستانی شہری کلبھوشن جادھو کے مقدمہ کے سلسلہ میں داخل کردیا۔ بین الاقوامی عدالت انصاف میں 23 جنوری کو پاکستان اور ہندوستان کو دوسرے دور کی یادداشتیں پیش کرنے کیلئے مہلت دی تھی۔ دفترخارجہ کے ڈائرکٹر جنرل برائے ہند ڈاکٹر فریحہ بکتی نے دوسرا تحریری جواب آج داخل کیا۔ دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانہ برائے ہیگ کے ایک عہدیدار نے جواب داخل کیا۔ پاکستان اور اس کے وکیل نے ہندوستان کے دلائل کے جواب میں تفصیلی بیان کی ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے ہندوستان کے تمام اعتراضات کا جو 400 صفحات طویل ہیں، جواب داخل کیا ہے۔ پاکستان کی جوابی یادداشت ہندوستان کی جانب سے 17 اپریل کو آئی سی جے میں داخل کردہ دلائل کے جواب میں ہے۔ بین الاقوامی عدالت مقدمہ کی سماعت کی آئندہ تاریخ کا تعین کرے گی۔