جابس، ہیلت کیئر، پینے کا پانی ووٹروں کیلئے اولین ترجیحات

نئی دہلی ، 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) روزگار کے بہتر مواقع، بہتر نگہداشت صحت اور پینے کا پانی کل ہند سطح پر ووٹروں کیلئے اولین ترجیحات ہیں، اسوسی ایشن آف ڈیموکریٹک ریفارمس کے منعقدہ سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے۔ آل انڈیا سروے 2018ء کے زیرعنوان جو ڈیٹا جمع کیا گیا، اس میں 10 مختلف شعبوں کا احاطہ ہوا اور ان تمام میں حکومت کی ریٹنگ ’’اوسط سے کمتر‘‘ ہے۔ جابس کے بہتر مواقع کی اہمیت ووٹروں کے پاس اولین ترجیح کی حیثیت سے 56.67 فیصد تک پہنچ گئی جو 2017ء میں 30 فیصد تھی اور 2018ء میں 47 فیصد رہی۔ اس مدت میں یہ مسئلہ پر حکومت کا پرفارمنس پانچ نمبرات کی کسوٹی پر 3.17 سے گھٹ کر 2.15 ہوگیا ہے۔ مذکورہ بالا تین شعبوں کے علاوہ بہتر سڑکوں اور بہتر پبلک ٹرانسپورٹ کا ترتیب وار چوتھا اور پانچواں مقام ہے۔ملک کے کئی حصوں میں زرعی پریشانی کے حالات ہیں۔ چنانچہ زراعت سے متعلق حکمرانی کے مسائل بھی ووٹروں کی ترجیحات میں نمایاں ہیں۔ بہتر لا اینڈ آرڈر پر بھی زور دیا گیا ہے۔