جائیداد ٹیکس ادائیگی مدت ختم ، 1111 کروڑ کی وصولی

دیڑھ لاکھ سے زائد ٹیکس دہندگان کی جانب سے ادائیگی :کمشنر بلدیہ

حیدرآباد ۔ 31 مارچ (سیاست نیوز) جائیداد ٹیکس کی ادائیگی کا آج آخری دن تھا۔ کمشنر جی ایچ ایم سی سومیش کمار نے بتایا کہ اس سال جائیداد ٹیکس کی شکل میں 1111 کروڑ روپئے وصول ہوئے جبکہ گذشتہ سال یہ رقم 629 کروڑ تھی۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے بتایا جی ایچ ایم سی نے جائیداد ٹیکس وصولی کیلئے مختلف اقدامات بروئے کار لائے جبکہ دو بار اس سلسلہ میں پرش کرم پروگرام تمام سرکلس میں منعقد کئے گئے۔ ٹیکس دہندگان کو ایس ایم ایس کے علاوہ ٹی وی چینلس پر اشتہارات دیئے گئے۔ 155668 ٹیکس دہندگان کیلئے علحدہ کال سنٹرس بنائے گئے تاکہ 31 مارچ تک وہ جائیداد ٹیکس ادا کریں۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 1,51,000 ٹیکس دہندگان جائیداد ٹیکس ادا کرتے ہوئے سود کی رقم ادا کرنے سے محفوظ رہے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے بتایا کہ آج ٹیکس ادائیگی کے آخری دن 8 بجے شب تک می سیوا سنٹرس کام کریں گے۔ زائد اسٹاف کو عوام کی سہولت کیلئے متعین کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 12 بجے شب تک آن لائن ادائیگی قبول کی جائے گی۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے بتایا کہ زیادہ تر بینک بھی زائد وقت تک ٹیکس وصولی کا کام انجا دیں گے۔ اگادی کی تعطیل کے باوجود زیادہ تر بنک کام انجام دیں گے۔