جئے رام قتل کیس ۔ مزید 3 ملزمین گرفتار

حیدرآباد ۔ /26 فبروری (سیاست نیوز) این آر آئی و ایکسپریس ٹی وی کے سابقہ منیجنگ ڈائرکٹر سی ایچ جئے رام قتل کیس میں پولیس نے ملزمین کی تین مزید گرفتاریاں عمل میں لائیں ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون اے آر سرینواس نے کہا کہ این آر آئی جئے رام قتل کیس کی تحقیقات ذمہ داری اے سی پی بنجارہ ہلز کے سرینواس راؤ کے حوالے کی گئی تھی اور انہوں نے قتل کیس میں ملوث تین دیگر ملزمین کو گرفتار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راکیش ریڈی کو پولیس تحویل میں لینے کے بعد اس کی تفتیش کی جس کے نتیجہ میں اس نے قتل میں مدد کرنے والے اپنے تین ساتھیوں کا انکشاف کیا ۔ ڈی سی پی نے کہا کہ راکیش ریڈی کے اقبالیہ بیان کی بنیاد پر 20 سالہ وشال ، 35 سالہ ناگیش اور 26 سالہ لکشمی ریڈی ، سبھاش چندر ریڈی کو گرفتار کیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ راکیش ریڈی نے /31 جنوری کی شب جئے رام کا قتل کیا تھا جس میں ناگیش اور وشال نے این آر آئی کے ہاتھ پیر پکڑ لئے تھے ۔ راکیش ریڈی نے تکیہ سے اس کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا تھا ۔ پولیس نے کہا کہ ناگیش ساکن باپو نگر ، ایس آر نگر روڈی شیٹر ہے اور وہ سابق میں بعض وارداتوں میں ملوث ہے ۔ انہوں نے کہا کہ /7 فبروری کو آندھراپردیش کی نندی گاما پولیس کی جانب سے این آر آئی جئے رام قتل کیس کی فائیل حیدرآباد پولیس کے حوالے کئے جانے پر اس کیس کا ازسرنو آغاز کیا گیا تھا اور راکیش ریڈی کو 7 دن کیلئے پولیس تحویل میں لیکر اس سے پوچھ تاچھ کی گئی ۔ پولیس نے جملہ 60 افراد سے پوچھ تاچھ کی ہے جن میں 3 پولیس اہلکار بھی شامل ہے ۔