ثقلین مشتاق پاکستان کرکٹ کی خدمت کے خواہاں

لاہور۔ 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسپن باولنگ مشیر کے لئے سابق اسپنرس مشتاق احمد اور ثقلین مشتاق کے درمیان مقابلہ ہے۔ دونوں درخواستیں داخل کر چکے ہیں۔ دوسرا کے موجد ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ امید ہے کہ اشتہار محض رسمی کارروائی ثابت نہیں ہو گا۔ثقلین مشتاق ان دنوں انگلینڈ میں مقیم ہیں۔ بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے ساتھ کام کر کے کوچنگ کا وہ خاصا تجربہ حاصل کر چکے ہیں۔ ثقلین مشتاق کے بموجب ان کی خواہش ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ کی خدمت کریں اور اسی جذبے کے تحت انہوں نے ہیڈ کوچ اور اسپن باولنگ مشیر کے لئے درخواستیں دی ہیں۔ وہ پر امیدہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ان کی صلاحیتیوں سے ضرور فائدہ اٹھائے گا ۔