ثانیہ ۔ مارٹینا ڈبلیو ٹی اے فائنلس میں داخل

سنگاپور۔ 31 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگس آج یہاں ویمنس ٹینس اسوسی ایشن (ڈبلیو ٹی اے) کے سیمی فائنلس میں چینی تائپی کے بہنوں چانی یاؤ چنگ اور چان یونگ۔ جان کو6-4، 6-2 سے شکست دے کر اس سال کے 10 ویں فائنل میں پہنچ گئیں۔ ثانیہ اور مارٹینا پر مشتمل عالمی نمبر ایک ہند۔ سوئس جوڑی کی یہ لگاتار 21 ویں کامیابی تھی۔ اس جوڑی کو سنسناٹی میں کھیلے گئے ایک سیمی فائنل مقابلے میں چان بہنوں کے ہاتھوں ہی شکست ہوئی تھی جن کو آج شکست دیتے ہوئے انہوں نے اپنی ہار کا بدلہ لے لیا۔

عالمی نمبر 3 کی حامل چینی تائیوان کی بہنوں کی اس جوڑی کو ابتداء میں 3-1 سے سبقت حاصل ہوئی تھی لیکن عالمی نمبر ایک جوڑی نے اس کھیل پر اپنا کنٹرول حاصل کرلیا۔ سیمی فائنل میں کامیابی کے بعد مارٹینا نے کہا کہ ’’یہ میری خوش بختی تھی کہ کورٹ پر ثانیہ میرے ساتھیں۔ وہ ایک انتہائی مثبت ساتھی ہیں‘‘۔ ثانیہ مرزا نے کہا کہ ’’جب میں کسی بات کو بہتر انداز میں سمجھ لیتی ہوں تو ہر چیز اچھی چلتی ہے۔ وہ (تائپی) ایک اچھی ٹیم ہے، چنانچہ گزشتہ 6 میچوں میں وہ ہی طاقتور رہے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ ہمارے ساتھ کیسا کھیلنا ہوگا۔ ہم نے ایک حکمت عملی بنائی تھی جس کے مطابق کھیلا گیا‘‘۔