تین کھلاڑیوں کو بی سی سی آئی کی ’کلین چِٹ‘

کرکٹرز کیخلاف کچھ ثبوت نہ ملا، آئی سی سی ذرائع کا بیان
نئی دہلی ؍ دبئی ، 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی نے آج تین انٹرنیشنل کرکٹرز کو ’کلین چٹ‘ دے دی، جن پر معزول آئی پی ایل کمشنر للت مودی نے ممبئی کے بزنسمین سے رشوتیں قبول کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ دبئی سے معتبر ذرائع کے مطابق آئی سی سی کو تینوں کے خلاف ثبوت نہیں ملا ہے۔ کرکٹ بورڈ سکریٹری انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ ’’اس (الزام) میں کچھ بھی ( ٹھوس بات) نہیں ‘‘جب آئی سی سی کا للت مودی سے جون 2013ء میں ایک مکتوب وصول ہونے کی توثیق کی بابت پوچھا گیا، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ ہندوستان کے دو کرکٹرز اور ایک ویسٹ انڈین کو فی کس 20 کروڑ روپئے کی حد تک نقدی اور اسی طرح کی ادائیگی کی گئی۔ ٹھاکر نے آج نئی دہلی میں کہا: ’’للت مودی نے آئی سی سی کو مکتوب لکھا تھا، لہٰذا انھوں نے بی سی سی آئی کو مکتوب کی بابت مطلع کیا تھا۔ یہ تین کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹرز ہیں اور بین الاقوامی دائرۂ کار کے تحت ہیں۔ ان کھلاڑیوں پر ابھی تک آئی سی سی سے کچھ اطلاع نہیں، اس لئے یہ انھیں کھیلنے کیلئے کلین چٹ کی طرح ہے۔‘‘