تین طلاق بل میں شکایت کے بغیر کارروائی خطرناک گنجائش

موجودہ شکل میں بل مسلم خواتین کیلئے راحت نہیں ، ایڈوکیٹ نور بینا رشید کا بیان
کوزیکوڈ ( کیرالا ) ۔ 31 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ ) : انڈین یونین ویمن لیگ نے تین طلاق بل اور اس سلسلے میں قانون سازی کی زبردست خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے اس بل کی موجودہ شکل میں سخت مخالفت کی ہے ۔ ایڈوکیٹ پی کے نور بینا رشید نیشنل جنرل سکریٹری نے اپنے بیان میں کہا کہ شادی سے متعلق تمام جرائم میں قانون کہتا ہے کہ متاثرہ فریق کی طرف سے شکایت درج کرانا ضروری ہے تاکہ مناسب کارروائی کی جاسکے لیکن مجوزہ قانون سازی میں متاثرہ فریق کی طرف سے شکایت کی ضرورت کا تذکرہ نہیں ہے ۔ چونکہ یہ جرم ( تین طلاق ) کو باقاعدہ شکایت کے بغیر قابل تعزیر اور ناقابل ضمانت بنایا جارہا ہے ، اس لیے مسلم مردوں ( شوہروں ) کے خلاف یہ غلط استعمال کا سنگین موقع فراہم کرے گا تاکہ انتقامانہ کارروائی کی جائے ۔ مسلم خواتین ( تحفظ حقوق شادی ) بل 2017 ء موجودہ شکل میں مسلم خواتین کے لیے کچھ راحت نہیں بلکہ خاندانی رشتے کو مسمار کرنے والا ہے ۔ لہذا انڈین یونین ویمن لیگ کی طرف سے محترمہ نور بینا نے اس بل کی شکست پر زور دیا ہے تاکہ دستور ہند کے تحت بنیادی حقوق کی ضمانت کا تحفظ یقینی ہوجائے ۔۔