تین خواتین سمیت کمسن لڑکی کی خودکشی کے مختلف واقعات

حیدرآباد /30 مارچ ( سیاست نیوز ) حیدرآباد و سائبرآباد پولیس کمشنریٹ حدود میں پیش آئے علحدہ واقعات میں 3 خواتین سمیت ایک کمسن لڑکی نے خودکشی کرلی۔ گولکنڈہ کے علاقہ ریشم باغ میں 25 سالہ سکینہ بیگم جو شیخ عمران کی بیوی تھی ۔ اس خاتون نے کل اپنے جسم پر کیروسین ڈالکر آگ لگالی تاہم اس خاتون کا شوہر عمران بھی جھلس گیا جو اپنی بیوی کو بچانے کی کوشش کر رہا تھا ۔ عمران پیشہ سے ڈرائیور ہے ۔ جس کا دواخانہ میں علاج جاری ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق عمران اور سکینہ بیگم کی شادی ڈھائی سال قبل ہوئی تھی اور ان کی کوئی اولاد نہیں تھی ۔ سمجھا جارہا ہے کہ سکینہ بیگم اولاد نہ ہونے کے سبب ذہنی تناؤ کا شکار ہوگئی تھی ۔ یہ خاتون علاج کے دوران آج فوت ہوگئی ۔ مائیلاردیوپلی پولیس کے مطابق 14 سالہ ثمینہ بیگم جو مصطفی نگر شاستری پورم علاقہ کے ساکن شیخ لئیق کی بیٹی تھی ۔ اس لڑکی نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ ثمینہ بیگم خرابی صحت سے پریشان تھی ۔ یہ بات پولیس ذرائع نے بتائی ۔ چندرائن گٹہ پولیس کے مطابق 30 سالہ منگماں جو غوث نگر بنڈلہ گوڑہ علاقہ کے ساکن چرن کی بیوی تھی ،پیشہ سے مزدور بتائی گئی ہے ۔ 25 مارچ کے دن اس خاتون نے اپنے جسم پر کیروسین ڈالکر آگ لگالی ۔ جو علاج کے دوران آج فوت ہوئی ۔ پولیس کے مطابق اس خاتون کا شوہر سے جھگڑا ہوگیا تھا ۔ جو دلبرداشتہ تھی۔ نارسنگی پولیس کے مطابق 55 سالہ ایس تلسماں جو نارسنگی علاقہ کے ساکن شیریا کی بیوی تھی ۔ اس خاتون نے 27 مارچ کے دن اپنے جسم پر کیروسین ڈال کر آگ لگالی جو علاج کے دوران آج فوت ہوگئی ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔