تیسرے محاذ کے قیام کا مقصد کانگریس کی حفاظت: مودی

بھوبنیشور۔/11فبر وری، ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے وزارت عظمی کی امیدوار جو آئندہ منعقد ہونے والے عام انتخابات کے تناظر میں انتخابی مہم کے تحت اڑیسہ میں بی جے پی کارکنوں سے خطاب کررہے تھے، تیسرے محاذ کے قیام اور ریاستی حکومت پر سخت تنقیدیں کی اور کہا کہ نوین پٹنائیک کی حکمرانی کی وجہ سے ریاست میں ترقی کا عمل ٹھپ ہوچکا ہے اور نوین پٹنائیک کی بیجو جنتا دل جو کہ تیسرے محاذ کیلئے کوشاں ہے اس کا مقصد صرف اور صرف کانگریس کی ڈوبتی کشتی کو بچانا ہے۔2014ء کے عام انتخابات کیلئے راہ ہموار کرنے کے مقصد سے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ تیسرے محاذ کے ارکان نے جن جن ریاستوں میں حکومتیں قائم کی ہیں اسے تباہ و برباد کردیا ہے۔ جیسا کہ سماج وادی پارٹی نے اتر پردیش، بائیں بازو کی جماعتوں نے مغربی بنگال اور بیجو جنتا دل نے اڈیشہ کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تیسرے محاذ کے قیام کی کوشش صرف اور صرف کانگریس کی حفاظت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 11میں سے 9جماعتیں کانگریس کی حمایت کررہی ہیں اور وہ الیکشن قریب آنے پر اپنے چہروں پر تیسرے محاذ کا مکھوٹہ چڑھائے ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ تیسرے محاذ کے قیام کا مقصد صرف کانگریس کو بچاناہے لہذا وقت آگیا ہے کہ انہیں سبق سکھایا جائے۔نریندر مودی نے اڈیشہ کے اپنے ہم منصب نوین پٹنائیک پر راست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور پٹنائیک گذشتہ 14برسوں سے وزیر اعلیٰ کے عہدہ پر فائز ہیں۔ اس دوران ان کی قیادت میں گجرات خوشحال اور ترقی کے راستہ پر گامزن ہیں جبکہ اوڈیشہ اپنے قدرتی وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود غریب اور پسماندہ ریاست کی حیثیت سے پیچھے رہ گیا ہے۔انہوں نے شرکائے ریالی سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ آنے والے الیکشن میں بی جے پی کو ہی ووٹ دیں تاکہ وہ مرکز میں برسر اقتدار آنے کے بعد اوڈیشہ کی ترقی کو یقینی بناسکے۔ انہوں نے کہا کہ اوڈیشہ سے نقل مقام کرکے گجرات میں کام کرنے والے زیادہ تر افراد ضلع گنجام سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ اگرمرکز میں برسر اقتدار آتے ہیں تو بی جے پی حکومت ریاست کو ترقی اور خوشحالی کے اس مقام پر لاکھڑے گی کہ اوڈیشہ کے افراد گجرات سے اپنی ریاست کو واپس آجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ کے سامنے آج یہ عہد کرتا ہوں کہ غریبوں کی مدد کرنا اور انہیں خوشحال بنانا بی جے پی حکومت کی اولین ترجیح ہوگی۔