تیسرے محاذ کا 23مئی کے بعد ہی پتہ چلے گا:اسٹالن

چینائی، 14مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدر ڈی ایم کے پارٹی اور ٹاملناڈو اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر ایم کے اسٹالن نے آج کہا کہ انھیں مابعد لوک سبھا چناٰ غیربی جے پی‘ غیر کانگریسی ’’تھرڈ فرنٹ‘‘ کا کوئی امکان نظر نہیں آتا ہے، لیکن کوئی فیصلہ 23 مئی کے بعد ہی کیا جاسکتا ہے جو ووٹوں کی گنتی کا دن ہے۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی (ٹی آر ایس) لیڈر اور چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کے تصور پر مبنی غیرکانگریسی اور غیربی جے پی تیسرا محاذ کا 23 مئی کو عام انتخابات کے نتائج کااعلان ہونے کے بعد ہی پتہ چل سکے گا۔اسٹالن نے یہاں ہوائی اڈہ پر نامہ نگاروں سے کہا کہ وہ تیسرے محاذ کے قیام کے تعلق سے یقینی نہیں ہیں اور صرف عام انتخابات کے نتائج آنے کے بعد ہی اس کا پتہ چل سکے گا۔ انہوں نے دہرایا کہ کے سی آر یہاں مندروں کے درشن کیلئے آئے تھے اور ان سے ملاقات محض رسمی ملاقات تھی۔انہوں نے کہاکہ وہ اس دوران مجھ سے ملاقات کرنا چاہتے تھے اور میں نے اس کیلئے رضامندی ظاہر کی۔