تیسرے محاذ میں کئی قائدین وزیراعظم کے عہدہ کے اہل: بردھن

بھوپال ۔ 15 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سی پی آئی قائد اے بی بردھن نے آج اس امر کا اظہار کرتے ہوئے کہ عام انتخابات کے بعد ملک میں غیرکانگریسی اور غیر بی جے پی سیاسی جماعتوں کیلئے حکومت سازی کی گنجائش موجود ہے کہا کہ ملک میں 11 جماعتوں کے چیف منسٹرس اس مسئلہ پر متفق ہیں کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد تیسرا محاذ ہی دونوں جماعتوں کا متبادل بنے گا ۔ انھوں نے کہاکہ لوک سبھا انتخابات میں اکثریت حاصل ہوجانے کی صورت میں ہم میں سے کئی ایسے ہیں جو اس عہدہ کے اہل ہیں ، صرف بی جے پی کے چیف منسٹر ہی وزرات عظمیٰ کے عہدہ کیلئے موزوں نہیں ہے ۔

جب اُن سے پوچھا گیا کہ کیا غیر بی جے پی اور غیر کانگریسی محاذ میں عام آدمی پارٹی کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے تو سابق سی پی آئی جنرل سکریٹری نے کہا کہ یقینا ایسا ہوسکتا ہے کیونکہ وہ بھی کانگریس اور بی جے پی دونوں کے مخالف ہیں۔ تاہم اس حوالے سے قطعی فیصلہ کرنا عام آدمی پارٹی کی ذمہ داری ہے ۔ بی جے پی کی جانب سے وزارت عظمیٰ کیلئے قبل از وقت مودی کے نام کو قطعیت دینے کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے بردھن نے کہا کہ ہندوستانی دستور میں وزارت عظمیٰ کیلئے ’ویٹنگ پرائم منسٹر ‘ کا کوئی تصور نہیں ہے ۔ نریندر مودی کی شخصیت پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 2002 ء میں پیش آئے فسادات میں مودی کے کردار کو کوئی بھی فراموش نہیں کرسکتا ۔