تہاڑ جیل میں کشمیری قیدیوں کی مارپیٹ: فاروق عبداللہ برہم

سری نگر، 29نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے تہاڑ جیل میں کشمیری قیدیوں کا ٹارچر کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جیل حکام کے اس نازیبا، ناشائستہ اور انسانیت سوز اقدام کو ناقابل قبول قرار دیا ہے ۔ انہوں نے قیدیوں کی مارپیٹ اور جان سے مار دینے کی کوششوں کو انسانی حقوق کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے اس واقعہ کے ملوثین کو قانون کے تحت سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ریاست کی وزیر اعلیٰ نے ٹیلی فون پر ہوم سکریٹری کے ساتھ کشمیری قیدیوں کے ساتھ پیش آئے اس واقعہ کو اُٹھایا ہے تاہم انہیں چاہئے کہ وہ بذات خود یا اپنے کسی سینئر وزیر کو تہاڑ جیل بھیجے تاکہ وہ کشمیری قیدیوں کی حالت زار کا اپنی آنکھوں سے مشاہدہ کرسکے ۔

شبانہ اعظمی کو ملائیشیاء کا اعزاز
ممبئی،29نومبر(سیاست ڈاٹ کام) مہشور اداکارہ سماجی کارکن شبانہ اعظمی کو ملائشیا کے وزیراعظم نجیب رزاق کے ذریعہ ممبئی میں ایک بزنس لیڈرس کانفرنس میں اعزاز سے نوازا جائے گا۔ شبانہ نے ٹویٹ کیا، ’’ایکونامک ٹائمس ایشیائی بزنس لیڈرس کانکلیو کیلئے کوالا لمپور کیلئے روانہ ہورہی ہوں،جہاں ملائشیا کے وزیراعظم اعزاز سے نوازیں گے۔‘‘ کانفرنس کا انعقاد بدھ اور جمعرات کو کیا جائے گا۔