تھانے میں لوکل ٹرین پٹری سے اُتر گئی، مسافرین کو مشکلات

ممبئی۔/29ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) پڑوسی ضلع تھانے میں کلیان اور وٹھل واڑی اسٹیشنوں کے درمیان کرلا۔ امبرناتھ سب اربن ٹرین کے 5 کوچس آج پٹری سے اُتر گئے جس کے نتیجہ میں اس مصروف سنٹرل لائن پر ٹرین خدمات میں خلل پڑا اور صبح کے مصروف اوقات کے دوران معمول کے مسافرین کی بڑی تعداد کو بڑی مشکلات جھیلنی پڑی۔ اس حادثہ میں جو صبح لگ بھگ 5:53 پر پیش آیا، کوئی زخمی نہیں ہوا اور نہ کچھ جانی نقصان ہوا لیکن امبرناتھ جانے والی کرلا لوکل ٹرین کے 5 ڈبے پٹری سے نیچے اُتر گئے جس پر سنٹرل ریلوے کو کلیان اور امبرناتھ اسٹشینوں کے درمیان سب اربن سرویسیس معطل کرنے پر مجبور ہونا پڑا اور بعض طویل مسافتی ٹرینوں کا رُخ موڑ دیا گیا۔ سنٹرل ریلوے کے ترجمان اے کے سنگھ نے کہا کہ حادثہ کی اطلاع ملنے کے فوری بعد انجینئروں اور دیگر اسٹاف کی ہماری ٹیم مقام واقعہ پہنچ گئی تاکہ خدمات بحال کی جاسکیں۔ جائے واقعہ سے آگے کی سمت ٹرین خدمات کو صبح 9:23 بجے بحال کیا گیا۔ دوپہر تقریباً 12:20 بجے پٹری سے اُتر جانے والے تمام 5 ڈبوں کو دوبارہ پٹری پر ڈال دیا گیا۔