تھائی وزیراعظم کا عدالتی سماعت میں حاضری سے احتراز

بنکاک ، 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پریشانیوں میں گھری تھائی وزیراعظم ینگ لک شیناواترا آج قومی کمیشن برائے انسداد بدعنوانی کے روبرو چاول کی عوامی اسکیم سے متعلق الزامات پر سماعت کے سلسلے میں حاضر نہیں ہوئے جیسا کہ انھوں نے مخالف حکومت احتجاجی تحریک کی مشروط بات چیت کی پیشکش کو بھی ٹھکرادیا جو جاریہ سیاسی تعطل کو ختم کرنے کیلئے پیش کی گئی تھی ۔ احتجاجی لیڈر سوتھیپ تھاگ سوبن نے کئی ہفتوں تک حکومت کے ساتھ بات چیت سے انکار کے بعد آج نگرانکار وزیراعظم کے ساتھ اس شرط پر بات چیت کی پیشکش کی کہ اُس کا لائیو ٹیلی کاسٹ کیا جائے۔ وزیراعظم کے سینکٹروں حامی کمیشن کے سربراہ کو سماعت سے روکنے کے ارادے سے کمیشن کی عمارت کے باہر جمع ہوگئے تھے۔ 46 سالہ ینگ لک پر الزام ہے کہ چاول پر مراعات کی اسکیم میں ہونے والی بدعنوانی کو انہوں نے نظر انداز کیا جس سے حکومت کو اربوں ڈالرز کا نقصان ہوا۔ اگر وزیراعظم پر الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو ان کے خلاف مواخذے کی کارروائی ہو سکتی ہے جس کے تحت ان پر پانچ سال سیاست کرنے پر پابندی یا فوجداری الزامات عائد ہو سکتے ہیں۔ ینگ لک کے حامی ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اسے اپوزیشن کی طرف سے ’’عدالتی بغاوت‘‘ گردانتے ہیں۔ گزشتہ نومبر سے حکومت مخالف مظاہرین پر حملوں میں کم از کم 22 فراد ہلاک ہوئے ہیں۔