تھائی لینڈ کی سابق وزیراعظم ینگلوک کے تمام پاسپورٹس منسوخ

بنکاک۔ 31 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) تھائی لینڈ نے آج معزول وزیراعظم ینگلوک شناوترا کے پاسپورٹس منسوخ کردیئے جو آج سے دو ماہ قبل ان پر چلائے جانے والے مقدمہ کے دوران ہی ملک سے فرار ہوگئی تھیں اور آج تک ان کی واپسی کے کوئی امکانات نظر نہیں آرہے ہیں۔ سابق وزیراعظم جن کی منتخبہ حکومت کا 2014ء میں ایک بغاوت کے ذریعہ تختہ پلٹ دیا گیا تھا۔ ان کے غیاب میں چلائے جانے والے مقدمہ میں عدالت نے انہیں پانچ سال کی سزائے قید سنائی تھی۔ چاول سے متعلق وزیراعظم نے جو پالیسی وضع کی تھی، اس میں بدعنوانیوں کے بیشتر معاملات سامنے آئے تھے۔ دریں اثناء تھائی لینڈ کے وزیر خارجہ ڈان پرمود ونائی نے بھی بنکاک میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ینگلوک شناوترا کے تمام پاسپورٹس کے منسوخ کردیئے جانے کی توثیق کی۔ اس فیصلہ کے بعد شناوترا کا سیاسی کیریئر اب پوری طرح تباہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شناوترا کے محل وقوع کا ہنوز کوئی پتہ نہیں چلا ہے، البتہ یہ کہا جارہا ہے کہ وہ اس وقت متحدہ عرب امارات میں ہیں لیکن کون سے شہر میں ہیں، اس کا پتہ نہیں چلا ہے۔ دوسری طرف حکام کا کہنا ہے کہ ینگلوک کے پاس چار تھائی پاسپورٹس تھے۔ دو شخصی نوعیت کے اور دو سفارتی نوعیت کے۔ ینگلوک کے بڑے بھائی تھکسین کو بھی 2006ء کی بغاوت میں معزول کردیا گیا تھا اور وہ بھی خود ساختہ جلاوطنی کی زندگی گذار رہے ہیں۔