تکبر کی وجہ سے مودی کو مسائل کا سامنا : راہول

نئی دہلی 31 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس صدر راہول گاندھی نے آج دعوی کیا کہ نریندر مودی وزیر اعظم سے زیادہ ایک تشہیری وزیر ہیں ۔وہ صرف اپنے تکبر کی وجہ سے مسائل کا شکار ہو رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم کا طریقہ کار ایک طرح کی گھبراہٹ کو ظاہر کرتا ہے اور الزام عائد کیا کہ وہ خود نمائی میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔ خود کے وزیر اعظم بننے کے امکانات سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر وہ اس پر کچھ ریمارک کرتے ہیں تو یہ تکبر ہوگا ۔ اس سوال پر کہ آیا وہ وزیر اعظم بننے کے حق میں ہیں انہوں نے کہا کہ اس کا فیصلہ کرنا ملک کے عوام کا کام ہے ۔ ملک کے عوام ہی اصل فیصلہ کرتے ہیں اور وہ عوام کیلئے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مودی دفتر وزیر اعظم کے ذریعہ میڈیا میں ایک مخصوص قسم کا پروپگنڈہ کروا رہے ہیں ۔ راہول نے کہا کہ وزیر اعظم حقیقی مسائل کو حل کرنے میں کامیاب نہیں ہیں۔ کانگریس صدر نے 2014 کے انتخابی وعدوں کی عدم تکمیل پر بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ نریندر مودی ایک ناکام معیشت کی صدارت کر رہے ہیں۔