تنخواہ طلب کرنے پر خاتون نے لڑکے کا ہاتھ کاٹ دیا

لاہور ۔10 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ پنجاب میں ایک خاتون نے ایک 13 سالہ لڑکے کا دایاں ہاتھ صرف اس لئے کاٹ دیا کہ اُس نے اپنی تنخواہ طلب کی تھی ۔ اطلاعات کے مطابق عرفان نامی لڑکا صفدر آباد کی شفقت بی بی کے مکان پر 3000 روپئے ماہانہ کی نوکری کیا کرتا تھا ۔ لڑکے کی ماں جنت بی بی نے بتایا کہ گزشتہ ہفتہ جب عرفان نے اپنی تنخواہ طلب کی تو شفقت بی بی آگ بگولہ ہوگئی اور اُس نے چارہ کاٹنے والی ایک مشین سے عرفان کا ہاتھ کاٹ ڈالا جو دراصل لڑکے کو سبق سکھانا چاہتی تھی کہ کام تو مکمل نہیں کرتا البتہ تنخواہ مانگنے کھڑا ہوجاتا ہے ۔ عرفان کو ایک مقامی ہاسپٹل میں منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرس نے اُس کی حالت تشویشناک بتائی ہے ۔ ابتداء میں صفدر آباد پولیس نے اس معاملہ کو درج کرنے سے انکار کردیا تھا لیکن جنت بی بی کے ڈسٹرکٹ اور سیشنس کورٹ سے رجوع ہونے کے بعد عدالت نے پولیس کو معاملہ درج کرنے کی اور خاطیوں کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کی ۔ اس دوران وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی اس معاملہ کی پولیس سے رپورٹ طلب کی ہے ۔