تمیم اقبال کی سنچری‘بنگلہ دیش305/6

لندن ۔ یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) اوپنر تمیم اقبال کی شاندار سنچری کی بدولت بنگلہ دیش نے آئی سی سی چمپئنس ٹرافی 2017 کا شاندار آغاز کیا اور انگلینڈ کے خلاف پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز اسکور کئے۔ تمیم نے 142 گیندوں میں 3 چھکے اور 12 چوکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 128 رنز اسکور کئے۔ ٹاس ہارنے کے بعد بیاٹنگ کے لئے مدعو کئے جانے والے بنگلہ دیشی اوپنرس تمیم اور سومیا سرکار نے پہلی وکٹ کے لئے 56 رنز بنائے جس میں سرکار نے 28 رنز کا تعاون دیا جس کے بعد عمرالقیس نے 19 رنز بنائے۔ ابتدائی نقصانات کے بعد ٹیم کے دو سینئرس بیاٹسمین تمیم اور مشفق الرحیم نے ٹیم کو ایک ہمالیائی اسکور کی سمت گامزن کیا جس میں رحیم نے 72 گیندوں میں 8 چوکوں کی مدد سے 79 رنز بنانے کے علاوہ 166 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی۔ ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ بنگلہ دیشی ٹیم بہ آسانی 330 رنز اسکور کرلے گی لیکن تمیم، رحیم اور شکیب الحسن (10) کے جلد آؤٹ ہونے سے ٹیم کو نقصان ہوا۔ انگلینڈ کے لئے پلنکٹ کامیاب بولر ثابت ہوئے جنھوں نے 10 اوورس میں 59 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بین اسٹوک نے 42 رنز اور بال نے 82 رنز کے عوض فی کس ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔