تمباکو اشیاء کا استعمال ترک کرنے کا مشورہ:وزیر صحت

حیدرآباد 31 مئی (این ایس ایس) تلنگانہ کے وزیر صحت سی لکشما ریڈی نے آج تمام لوگوں سے اپیل کی کہ تمباکو کی اشیاء استعمال کرنا ترک کردیں اور تمباکو کے استعمال سے باز آجائیں جوکہ تمام مہلک امراض کی جڑ ہے۔ وزیر موصوف عالمی یوم مخالف تمباکو کے موقع پر آج یہاں نیکلس روڈ پر تلنگانہ ٹوباکو کنٹرول بورڈ کی جانب سے انڈین ڈینٹل اسوسی ایشن کے اشتراک سے منظم کردہ دو کیلو میٹر واک کو جھنڈی دکھانے کے بعد مخاطب کررہے تھے۔ وزیر موصوف نے تمباکو کے استعمال کے مضر اثرات کے بارے میں عوام بیداری پیدا کرنے کیلئے ایک تحریک شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنھوں نے اس بات کا بھی تیقن دیا کہ ریاستی حکومت تمباکو کے استعمال کے مضر اثرات کو اسکول کے نصاب میں ایک سبق کے طور پر شامل کرنے کی کوشش کرے گی تاکہ طلبہ کو اس کے مضر اثرات سے واقف کروایا جائے۔