تمام پارٹیاں عمران خان کی مخالف : نیویارک ٹائمز

نیو یارک ، 25 اگست (سیاست ڈاٹ کام) امریکی اخبار ’’نیو یارک ٹائمز‘‘ کا کہنا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں عمران خان کے خلاف ہو چکی ہیں، پرجوش انداز میں کھیل کا آغاز کرنے والے عمران خان کو اب دھرنا پرامن انداز میں ختم کرنے کا راستہ ڈھونڈنا ہو گا۔ پاکستان میں جاری دھرنوں پر بین الاقوامی میڈیا میں تبصروں اور تجزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ نیو یارک ٹائمز لکھتا ہے کہ آزادی مارچ میں لوگوں کی تعداد تحریک انصاف کی توقعات سے کہیں کم رہی جس کی وجہ سے احتجاج موثر اور نتیجہ خیز نہ ہو سکا۔ دبائو کا حربہ کام نہ آنے پر عمران خان کو انتہائی اقدامات کے اعلانات کرنے پڑے۔ سول نافرمانی کے اعلان اور کارکنوں کو ٹیکس اور یوٹیلٹی بل نہ دینے کی ہدایت کو مضحکہ خیز قرار دیا گیا۔ حکومت اور تحریک انصاف دونوں پر بحران کے حل کے لیے دباو بڑھتا جا رہا ہے۔ معاملات آگے بڑھانے کی کنجی عمران خان کے پاس ہے جنہیں اپنے احتجاج کو پرامن طور پر ختم کرنے کا راستہ ڈھونڈنا ہو گا۔