تلگو فلمساز داسری نارائن راؤ چل بسے

حیدرآباد 30 مئی (پی ٹی آئی) تلگو فلمساز اور سابق مرکزی وزیر داسری نارائن راؤ کا آج بعمر 75 سال انتقال ہوگیا۔ وہ کانگریس پارٹی میں سرگرم سیاستداں تھے اور یوپی اے I دور میں وزیر رہ چکے ہیں۔ اُنھوں نے کئی سوپر ہٹ تلگو فلموں کی ہدایت کاری کی اور این ٹی راما راؤ، اکینینی ناگیشور راؤ جیسے اداکاروں کے ساتھ فلمیں بنائیں۔ آخری رسومات حیدرآباد کے مضافات چیوڑلی کے فارم ہاؤز میں انجام دی جائیں گی۔ مرکزی وزیر اطلاعات وینکیا نائیڈو، چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو اور چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھر راؤ کے علاوہ دادا صاحب پھالکے ایوارڈ یافتہ کے وشواناتھ اور فلم اداکار رجنی کانت، کمل ہاسن نے داسری نارائن راؤ کی موت پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا اور ارکان خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔