تلگو عوام کو آئندہ سال خوشحالی : این چندرا بابو

اگادی کے موقع پر صدر تلگودیشم کی پیش قیاسی، پی سرینواس کا انکشاف

حیدرآباد ۔ 31 مارچ (سیاست نیوز) تلگو عوام آئندہ سال خوشحال رہیں گے اور بہتر حکمرانی ہوگی۔ علاوہ ازیں مانسون کی بروقت آمد بھی یقینی ہوگی۔ تلگو سال نو ’’اگادی‘‘ کے موقع پر تلگودیشم پارٹی کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی کے دوران یہ باتیں مسٹر پی سرینواس نے منظرعام پر لائیں۔ انہوں نے بتایا کہ سال نو کے آغاز کے بہتر ہونے کے علاوہ مانسون بھی بہتر ہونے کی توقع ہے۔ پیش قیاسی کے دوران انہوں نے دعویٰ کیا کہ تلگو سال کے اواخر میںریاست کو آفات سماوی کا خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ تلگودیشم پارٹی کے پنڈت نے مزید کہا کہ حکومت اور عوام کے درمیان کچھ عرصہ کیلئے کشیدگی کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے اور اس کشیدگی سے نمٹنے میں حکومت کو صبروتحمل کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ اقتدار کس جماعت کو حاصل ہوگا یا انتخابی صورتحال کیسی ہوگی اس کے متعلق پیش قیاسی کے بجائے پنڈت نے اتنا کہنے پر ہی اکتفا کیا کہ حکومت بہتر حکمرانی کو یقینی بنانے والی ہوگی۔ انہوں نے مانسون کی وقت پر آمد کی پیش قیاسی کے دعوے کے ساتھ یہ بھی کہا کہ کسانوں کو مسائل کا سلسلہ جاری رہے گا اور چھوٹے کسانوں کی پریشانیاں جلد دور ہونے کی کوئی توقع نہیں ہے۔ سرینواس نے اگادی کے موقع پر کی جانے والی پیش قیاسی کے دوران دیگر کئی امور کے متعلق دعوے پیش کئے۔