تلگو روزنامہ کے خلاف پریس کونسل سے رجوع ہونے آندھرا حکومت کا فیصلہ

حیدرآباد ۔31جولائی ( سیاست نیوز) حکومت آندھراپردیش غلط خبروں کی اشاعت کے خلاف ایک تلگو روزنامہ ’ساکشی‘ کے خلاف پریس کونسل سے رجوع ہوگی ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے بتایا کہ تلگو روزنامہ میں سرکاری ملازمین کی وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر میں کمی سے متعلق غلط خبریں شائع کر کے سرکاری ملازمین میں غلط فہمیاں پیدا کی جارہی ہے جبکہ حقیقت یہ ہیکہ ایسی کوئی تجویز حکومت کے زیر غور نہیں ہے ۔ تلگودیشم حکومت نے خود ملازمین کی سبکدوشی کی عمر 58 سال سے بڑھاکر 60 سال کی تھی ۔ اب دوبارہ حد عمر میں کمی ممکن نہیں ہے ۔ ذرائع کے مطابق وائی ایس کانگریس سیاسی مفادات اور حلقہ اسمبلی نندیال کے ضمنی انتخاب میں کامیابی کیلئے اس طرح کے حربے استعمال کرکے غلط خبریں اپنے ترجمان روزنامہ میں شائع کر کے سرکاری ملازمین اور حکومت کے مابین تنازعہ کھڑا کرنے کوشاں ہے ۔ غلط خبروں کی اشاعت کے خلاف حکومت پریس کونسل سے رجوع ہونے کا ارادہ کررہی ہے ۔