تلگو دیشم پارٹی قائدین کو زبان پر قابو رکھنے کا مشورہ

حیدرآباد ۔29 ۔ اپریل (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ بی سمن نے تلنگانہ تلگو دیشم قائدین کو انتباہ دیا کہ وہ زبان پر قابو رکھیں اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر الزام تراشی کا سلسلہ فوری بند کریں۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ بی سمن نے کہا کہ اگر چندرا بابو نائیڈو اور ان کے حواری تلگو دیشم قائدین اپنی بیان بازی کا سلسلہ بند نہیں کریں گے تو تلنگانہ عوام انہیں مناسب سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت کی جانب سے کئے جارہے اقدامات دیکھ کر اپوزیشن جماعتیں بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ کسی بھی پارٹی نے اپنے دور حکومت میں اس قدر فلاحی اور ترقیاتی اقدامات نہیں کئے جتنے ٹی آر ایس نے ایک سال کے عرصہ میں کئے ہیں۔ انہوں نے تلگو دیشم کے تلنگانہ قائدین دیاکر راؤ اور ریونت ریڈی کی تنقیدوں کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ یہ قائدین حقائق کو جانتے ہوئے بھی الزامات عائد کر رہے ہیں۔ دراصل وہ چندرا بابو نائیڈو کے اشارہ پر ٹی آر ایس پر تنقیدیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے ان قائدین کو انتباہ دیا کہ وہ اپنی زبانوں پر لگام دیں ورنہ ٹی آر ایس پارٹی اور اس کے کارکن جواب دینا اچھی طرح جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں تلگو دیشم پارٹی کی تباہی کیلئے دیاکر راؤ اور ریونت ریڈی ذمہ دار ہیں، جنہوں نے تلنگانہ کے مطالبہ کی مخالفت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں چندرا بابو نائیڈو کے دوروں سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا کیونکہ عوام ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم کی الزام تراشی کا عوام پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کو چاہئے کہ وہ تلنگانہ کے اضلاع کا دورہ کرنے کے بجائے آندھراپردیش کے عوام کی ترقی اور بھلائی کی فکر کریں۔ تلگو دیشم نے آندھراپردیش کی عوام سے جو انتخابی وعدے کئے تھے ، ان کی تکمیل میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔