تلگو اداکار ادئے کرن کی مشتبہ خود کشی

حیدرآباد ۔ 6 جنوری (سیاست نیوز) تلگو فلموں کے جواں سال اداکار ادے کرن نے آج صبح سویرے اپنے مکان میں مشتبہ طور پر پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ بتایا جاتا ہیکہ اس وقت 34 سالہ فلم اسٹار ادے کرن مکان میں تنہا تھے اور اس نے اپنی بیوی کو آخری مرتبہ ایس ایم ایس کیا۔ تاہم ادے کرن کی موت پر شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے۔ اس فلم اسٹار کی خودکشی کی اطلاع پاکر پولیس کے اعلیٰ عہدیدار نوجوان فلم اسٹار کے مکان پہنچ گئے اور کلوزٹیم کو طلب کرلیا گیا۔ فلمی اداکار نے چار پانچ فلموں میں شہرت اور دولت کمائی تھی لیکن گذشتہ ایک سال سے فلموں میں کام نہ ملنے سے معاشی بحران کے باعث ذہنی پریشانیوں میں مبتلاء تھے اور وہ گذشتہ چند دنوں سے خودکشی کا ارادہ کررہا تھا جس نے بالآخر آج صبح انتہائی اقدام کرلیا۔ پولیس نے شبہات کے پیش نظر ادے کرن کی بیوی اور اس کے سسرالی رشتہ داروں سے بھی پوچھ تاچھ کی۔ ڈی سی پی ویسٹ زون مسٹر ستیہ نارائنا نے بتایا کہ پولیس نے پنچنامہ اور ابتدائی تحقیقات کے بعد دفعہ 174 مشتبہ حالت میں موت کا مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے۔

ادے کرن کی شادی اکٹوبر 2012ء میں ہوئی تھی اور اس نے تلگو فلم انڈسٹری میں اپنے کیریئر کا آغاز سال 2000ء سے کیا تھا اور کل 19 فلموں میں کام کیا جس میں 3 ٹامل فلمیں شامل ہیں۔ ادے کرن کی فلم کی ہندی میں ڈبنگ کی گئی جس میں تشارکپور نے کام کیا۔ ادے کرن کی معروف فلموں میں نوونینو، مناسنتانوے کافی کامیاب رہیں۔ بنجارہ ہلز پولیس نے ادے کرن کے مکان سے شواہد اکھٹا کرلئے ہیں اور اس نوجوان فلم اداکار کے سیل فون، عینک اور چپل کو بھی ضبط کرلیا ہے۔ پولیس فون کال ڈاٹا اکھٹا کرنے میں مصروف ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق 20 سال قبل ادے کرن کے بھائی نے بھی خودکشی کی تھی۔ پولیس ادے کرن کے والد اور رشتہ داروں کے علاوہ اس کی بیوی اور سسرالی رشتہ داروں کو بھی شک کے دائرے میں لے چکی ہے اور ان سے پوچھ تاچھ بھی کی گئی۔ ادے کرن اور اس کی بیوی نے سال نو تقاریب ممبئی میں منائی تھی۔ پولیس ذرائع کے مطابق ادے کرن کی بیوی کے بیان کے مطابق وہ کافی ناراض تھا اور زندگی سے مایوس ہوچکا تھا۔ پولیس بنجارہ ہلز مصروف تحقیقات ہے۔ تلگو فلمی صنعت کے حلقوں میں ادئے کرن کی خود کشی پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے ۔