تلگودیشم ۔ بی جے پی میں علیحدگی ناگزیر

وزیر اعظم نریندر مودی پر تلگودیشم ایم پی دیواکر ریڈی کی تنقید
وجئے واڑہ۔/31جولائی، ( پی ٹی آئی) تلگودیشم پارٹی کے رکن پارلیمنٹ جے سی دیواکر ریڈی نے آج ریاست آندھرا پردیش کو خصوصی موقف عطا نہ کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کو اپنی تنقید کا نشانہ بنایا اور ان پر الزام عائد کیا کہ وہ تلگودیشم پارٹی صدر اور چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو کو دبانے کی کوشش کررہے ہیں۔ اننت پور کی نمائندگی کرنے والے رکن پارلیمنٹ دیواکر ریڈی نے کہا کہ وہ شخصی طور پر یہ محسوس کرتے ہیں کہ چندرا بابو نائیڈو مودی کے اصل دشمن بن گئے ہیں اس لئے مودی چندرا بابو نائیڈو کو زیر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ یہاں تلگودیشم پارٹی کے پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد دیواکر ریڈی نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ مستقبل میں بی جے پی واحد بڑی پارٹی بن کر اُبھر کرسکتی ہے لیکن نریندر مودی مرکز میں حکومت تشکیل نہیں دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم اور بی جے پی کے درمیان علیحدگی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایک سال قبل ہی چندرا بابو نائیڈو سے کہا تھا کہ ہم بی جے پی کے ساتھ نہیں رہ سکتے ہیں ہم کو علحدگی اختیار کرلینی چاہیئے۔