تلگودیشم کی دولت کے بل بوتے پر کامیابی :وائی ایس آر کانگریس

حیدرآباد۔/30 اگسٹ، ( سیاست نیوز) ریاستی وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے حلقہ اسمبلی نندیال کے ضمنی انتخابی نتیجہ کو نمونہ (ماڈل ) کے طور پر لے کر آگے بڑھنے کی پارٹی قائدین و کارکنوں کو صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی دی گئی ہدایات کا مضحکہ اڑایا اور تلگودیشم پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حلقہ اسمبلی نندیال کے ضمنی انتخاب میں کامیابی کیلئے تلگودیشم پارٹی نے جملہ 200 کروڑ روپئے خرچ کئے۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی ترجمان و سابق وزیر مسٹر پارتھا سارتھی نے یہ بات کہی، اور دریافت کیا کہ رائے دہندوں کو ڈرا دھمکاکر اور مختلف طریقوں کا لالچ دے کر حلقہ اسمبلی نندیال میں کامیابی حاصل کرنا آیا کس طرح نمونہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست آندھرا پردیش کے 175 حلقہ جات اسمبلی میں آئندہ انتخابات کے موقع پر 35 ہزار کروڑ روپئے خرچ کرنا ہی نندیال حلقہ اسمبلی کا نمونہ ہوگا۔ مسٹر پارتھا سارتھی نے واضح طور پر کہا کہ حلقہ اسمبلی نندیال کا ماڈل انتخابی نتیجہ آئندہ سال 2019 میں منعقد ہونے والے انتخابات میں عوام تلگودیشم پارٹی کو گھر بھیج دیں گے۔