تلگودیشم پارٹی کی الیکشن کمیشن آف انڈیا سے شکایت

پیڈ نیوز کا الزام، ایک روزنامہ اور پبلیکیشن کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

حیدرآباد ۔ 31 مارچ (سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی نے آج الیکشن کمیشن آف انڈیا کو ساکشی اور جگتی پبلیکیشن کے خلاف شکایت روانہ کرتے ہوئے مذکورہ چینل و اخبار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ جناب ایم اے شریف جنرل سکریٹری تلگودیشم پارٹی نے چیف الیکشن کمشنر کو روانہ کردہ شکایت میں بتایا کہ مذکورہ چینل و اخبار ایک مخصوص سیاسی جماعت کی تشہیر کیلئے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے روانہ کردہ شکایت میں بتایا کہ تلگودیشم پارٹی نے متعدد مرتبہ اس سلسلہ میں شکایت کی ہے لیکن اس پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ جناب محمد شریف کے بموجب تلگو کے مؤخر روزنامہ اور ٹیلی ویژن چینل کی جانب سے کئے جانے والے انٹرویو، مباحث، خبریں اور دیگر پروگرامس انتخابی تشہیر کے مماثل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صدر وائی ایس آر کانگریس مسٹر جگن موہن ریڈی کی ملکیت والے اس پیانل پر ہونے والی نشریات اور شائع کی جانے والی خبریں ’’پیڈ نیوز‘‘ تصور کی جانی چاہئے۔ جناب محمد احمد شریف نے الیکشن کمیشن سے کی گئی شکایت میں دعویٰ کیا کہ جگتی پبلیکیشن کی نگرانی میں نکالے جانے والے اخبار اور اندرا ٹیلی ویژن کے تحت موجود چینل کی نشریات انتخابی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے اس لئے ان پر 24 گھنٹے نظر رکھے جانے کی ضرورت ہے۔
تلگودیشم پارٹی نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کو روانہ کردہ مکتوب کے ساتھ سی ڈیز اور اخبار کے تراشے بھی منسلک کئے ہیں۔