تلگودیشم پارٹی کا ’’اُگادی‘‘ پر بہترین انتخابی منشور متوقع

صدر تلگودیشم کی قیامگاہ پر ٹی ڈی پی پولیٹ بیورو اجلاس، این چندرابابو نائیڈو کا خطاب

حیدرآباد 30 مارچ (سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی سیما آندھرا کی ترقی کیلئے تلگو سال نو کے موقع پر ’’اُگادی تحفہ کے طور پر‘‘ بہت ہی بہترین انتخابی منشور فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ علاوہ ازیں دیگر سیاسی جماعتوں بالخصوص بی جے پی کے ساتھ انتخابی مفاہمت کو ابھی قطعیت نہیں دی گئی ہے بلکہ انتخابی مفاہمت کے سلسلہ میں بات چیت آج اور کل بھی جاری رہنے کا امکان پایا جاتا ہے۔ آج یہاں صدر تلگودیشم مسٹر این چندرابابو نائیڈو کی قیامگاہ پر پارٹی پولیٹ بیورو کے اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا۔ مسٹر نائیڈو نے اجلاس کی صدارت کی۔ اس اجلاس میں مسرس این ناگیشور راؤ قائد تلگودیشم پارلیمنٹری پارٹی، وائی راما کرشنوڈو قائد اپوزیشن ریاستی قانون ساز کونسل، این ہری کرشنا، ایم نرسمہلو، ٹی دیویندر گوڑ، جی مدوکرشنما نائیڈو، رمیش راتھوڑ، آر چندرا شیکھر ریڈی کے علاوہ دیگر ارکان پولیٹ بیورو تلگودیشم پارٹی نے شرکت کی۔ اجلاس کے پہلے سیشن کا اختتام عمل میں آنے کے بعد اخباری نمائندوں کو اجلاس کی روئیداد سے واقف کرواتے ہوئے مسرس ایس چندراموہن ریڈی رکن پولیٹ بیورو و سابق وزراء کے علاوہ مسٹر ایل رمنا صدر تلنگانہ تلگودیشم الیکشن کمیٹی نے یہ بات بتائی اور کہاکہ تلگودیشم پارٹی جو انتخابی منشور عوام کے لئے فراہم کرے گی اسی کے ساتھ بی سی ڈیکلریشن بھی منسلک کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ دونوں ریاستوں یعنی تلنگانہ اور آندھراپردیش ریاستوں کیلئے علیحدہ علیحدہ انتخابی منشور دینے پر پارٹی سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ تاہم اس سلسلہ میں اب تک کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

مسٹر چندرا موہن ریڈی کی دور اندیشی، دیرینہ تجربہ اور مستقبل کو پیش نظر سیما آندھرا کو سنہرا آندھراپردیش کی طرح تعمیر کرنے کیلئے ایک بہترین انتخابی منشور اُگادی تحفہ کے طور پر عوام کو فراہم کرنے کیلئے کوشش کی جارہی ہے اور جہاں تک ممکن ہوسکے 31 مارچ اُگادی کے موقع پر ہی تلگودیشم پارٹی کا انتخابی منشور جاری کرنے کی قوی توقع ہے۔ انھوں نے مزید کہاکہ تلنگانہ سے متعلق انتخابی منشور بھی رہے گا اور اس انتخابی منشور کو قطعیت دینے کیلئے جاری عمل میں تلنگانہ تلگودیشم پارٹی قائدین کوشاں ہیں۔ مسٹر ایل رمنا نے بتایا کہ تلنگانہ عوام کے مفادات کو پیش نظر رکھتے ہوئے انتخابی منشور کو مرتب کیا جارہا ہے اور اس انتخابی منشور کو قطعیت دینے کے بعد صدر تلگودیشم پارٹی مسٹر نائیڈو کو پیش کیا جائے گا اور پھر اس کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد مسٹر چندرابابو نائیڈو تلنگانہ انتخابی منشور کو قطعی شکل دینے کے بعد ہی سیما آندھرا اور تلنگانہ انتخابی منشور کو جاری کئے جانے کی قوی توقع ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پارٹی پولیٹ بیورو اجلاس میں سیما آندھرا اور تلنگانہ میں موجودہ سیاسی حالات، سیاسی جماعتوں کے موقف اور تلگودیشم پارٹی کی حکمت عملی وغیرہ جیسے اہم ترین اُمور طور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔