تلگودیشم میں شامل 16 ارکان اسمبلی کو نا اہل قرار دیا جائے

اسپیکر آندھرا پردیش اسمبلی سے اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس کی نمائندگی
وجئے واڑہ 30 اپریل ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش کی واحد اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس نے آج اسپیکر اسمبلی کوڈیلا سیوا پرساد راؤ کو تازہ درخواست پیشکرتے ہوئے اپنے 16 ارکان اسمبلی کو نا اہل قرار دینے کی خواہش کی ہے ۔ یہ ارکان اسمبلی گذشتہ دو ماہ کے دوران وائی ایس آر کانگریس سے علیحدگی اختیار کرکے برسر اقتدار تلگودیشم میں شامل ہوگئے ہیں۔ وائی ایس آر کانگریس کے ارکان اسمبلی بی راجیندر ناتھ ریڈی اور وائی وشویشور ریڈی نے آج اسپیکر سے ملاقات کی اور ایک درخواست پیش کرتے ہوئے ان سے کہا کہ جو 16 ارکان اسمبلی وائی ایس آر کانگریس سے انحراف کرکے تلگودیشم پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے اور نا اہل قرار دیدیا جائے ۔ یہ ارکان اسمبلی 22 فبروری سے 28 اپریل کے درمیان تلگودیشم پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔ وائی ایس آر کانگریس نے پہلے 5 مارچ کو اسپیکر سے نمائندگی کرتے ہوئے اس وقت تک تلگودیشم میں شامل ہوئے 8 ارکان اسمبلی کے خلاف قانون انحراف کے تحت کارروائی کرنے کی خواہش کی تھی ۔ ابھی تک اس پر اسپیکر اسمبلی کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں ہوئی اور مزید آٹھ ارکان اسمبلی نے انحراف کردیا ۔ پارٹی نے آج دوبارہ اسپیکر سے نمائندگی کی ہے ۔ وائی ایس آر کانگریس کا کہنا ہے کہ ان ارکان اسمبلی کے خلاف قانون انحراف کے تحت کارروائی کی جانی چاہئے اور ان سب کو اسمبلی کی رکنیت سے نا اہل قرار دیا جانا چاہئے ۔