تلواروں کے ساتھ ہنگامہ کرنے والے 5 افراد گرفتار

حیدرآباد۔/7 مئی، ( سیاست نیوز) نواب صاحب کنٹہ میں روڈی عناصر کی جانب سے ہتھیاروں کے ساتھ ہنگامہ آرائی اور دکانات و خانگی املاک پر حملہ میں ملوث 5 افراد کو فلک نما پولیس نے گرفتارکرلیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس فلک نما ایم اے رشید نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یکم مئی کی شب محمد اسمعیل اور اس کے دیگر ساتھیوں نے علاقہ نواب صاحب کنٹہ اور کالا پتھر علاقہ میں برسرعام ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے ہتھیاروں سے عوام کو خوفزدہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسمعیل کے ساتھ مرزا قدیر بیگ، عمران احمد، غلام مصطفی اور محمد حسین نے ایک شخص پر مہلک ہتھیاروں کے ذریعہ قاتلانہ حملہ کیا اور علاقہ میں دہشت پھیلادی تھی۔ مسٹر رشید نے کہا کہ اسمعیل کو سال 2002 میں کالا پتھر پولیس نے قتل کیس میں گرفتار کیا تھا اور اسے پانچ سال کی سزا ہوئی تھی جبکہ مرزا قدیر بیگ بھی غیر قانونی طور پر ہتھیار رکھنے کے معاملہ میں گرفتار ہوا تھا۔ عمران احمد کے خلاف بھی رہزنی کی تین وارداتیں راجندرنگر، شاہ عنایت گنج اور دیگر پولیس اسٹیشن میں درج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلک نما ، کالا پتھر اور بہادرپورہ پولیس نے اس سلسلہ میں جملہ 9 مقدمات درج کئے ہیں اور ان کے قبضہ سے حملہ میں استعمال کئے جانے والے مہلک ہتھیاروں کو برآمد کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی وارداتوں میں ملوث ہونے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔