تلنگانہ یوم تاسیس محکمہ اقلیتی بہبود کے اردو پروگرامس

قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں کل ہند مشاعرہ ، فتح میدان انڈور اسٹیڈیم پر غزل پروگرام
حیدرآباد۔/31مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ یوم تاسیس کے سلسلہ میں محکمہ اقلیتی بہبود کے زیر اہتمام جشن تلنگانہ کے تحت 3 اردو پروگراموں کا انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ 2 جون کی شام تینوں پروگرام منعقد ہوں گے۔ سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ انڈور اسٹیڈیم فتح میدان میں 7بجے شام ’ شام غزل ‘ پروگرام منعقد ہوگا جس میں نامور فنکار طلعت عزیز ( ممبئی ) اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ مقامی فنکاروں میں رکن الدین، خان اطہر، شکیل احمد، جسبیر کور اور پوروا گرو بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ یہ تقاریب ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی صدارت میں منعقد ہوں گی اور مہمانان اعزازی کی حیثیت سے مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ، ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری، وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی، وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ، وزیر آبکاری پدما راؤ، وزیر انیمل ہسبنڈری سرینواس یادو کے علاوہ عوامی نمائندے شرکت کریں گے۔ 8:30 بجے شب قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں کُل ہند مشاعرہ منعقد ہوگا جس میں 10 مہمان شعراء کو مدعو کیا گیا ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے مہمان شعراء میں جوہر کانپوری، شبینہ ادیب، لتا حیا ، ماجد دیوبندی، وجئے تیواری، حامد بھنساولی، ضیاء ٹونکی، ہاشم فیروزآبادی، رئیس قاسمی اور صبا بلرام پوری اپنا کلام پیش کریں گے۔ 10مقامی شعراء بھی کلام پیش کریں گے جن میں ڈاکٹر محمد علی رفعت ، مضطر مجاز، محسن جلگانوی، صوفی سلطان شطاری، جلال عارف، آغا سروش، فاروق شکیل، مسرور عابدی، سردار سلیم اور تسنیم جوہر شامل ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ تیسرا پروگرام 8بجے شب اردو مسکن خلوت میں ’محفل قوالی ‘ کا ہوگا۔ سالم برادرس بندہ نوازی ( گلبرگہ)، وارثی برادران ( حیدرآباد ) اور احسن حسین خاں بندہ نوازی ( حیدرآباد ) قوالیاں پیش کریں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے تمام پروگراموں کے مقامات کا شخصی طور پر جائزہ لیتے ہوئے انتظامات کو قطعیت دی۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے تینوں پروگراموں کے انتظامات کے سلسلہ میں ٹنڈرس طلب کرتے ہوئے مختلف اداروں کو کام الاٹ کیا ہے۔ اقلیتی بہبود کے اداروں سے تعلق رکھنے والے بعض عہدیداروں کو مختلف ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ یوم تاسیس کے موقع پر حج ہاوز کو سجایا جائیگا اور صبح 9 بجے منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن شفیع اللہ پرچم کشائی انجام دیں گے۔ جن عہدیداروں کو مختلف پروگراموں کی ذمہ داری دی گئی ان میں سبھاش چندر گوڑ ڈپٹی ڈائرکٹر اقلیتی بہبود ( شام غزل )، سلطان محی الدین اسسٹنٹ سکریٹری وقف بورڈ ( محفل قوالی )، وکٹر منیجنگ ڈائرکٹر کرسچین فینانس کارپوریشن ( عیسائی اور سکھ طبقہ کا پروگرام، ہری ہرا کلا بھون ) ، اسد اللہ چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ ( مکہ مسجد میں بارش اور تلنگانہ ریاست کیلئے خصوصی دعا صبح 10) ، معصومہ بیگم سروے کمشنر ( خصوصی دعا، سکندرآباد چرچ)، ویر برہما چاری ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد ( خصوصی دعاء گردوارہ صاحب امیر پیٹ )۔ لیاقت حسین سیکشن آفیسر ( بلڈ ڈونیشن کیمپ ، مکہ مسجد )، سیمول کرسچین فینانس کارپوریشن ( بلڈ ڈونیشن کیمپ ، وائی ایم سی اے )، ویر برہما چاری ( بلڈ ڈونیشن کیمپ، گرد وارہ صاحب امیر پیٹ ) ، احمد محی الدین اسسٹنٹ سکریٹری وقف بورڈ (انیس الغرباء میں مٹھائی اور پھلوں کی تقسیم ) ، سبھاش چندر گوڑ کو تصویری نمائش، فتح میدان کی ذمہ داری دی گئی ہے۔