تلنگانہ کے مختلف شعبہ جات کی حالت ابتر ، برقی بحران کی کانگریس ذمہ دار

حیدرآباد ۔ 30 ۔ جولائی (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی تلنگانہ ٹی ہریش راؤ نے کانگریس قائدین جانا ریڈی اور پونالہ لکشمیا کی جانب سے تلنگانہ حکومت پر تنقیدوں کی مذمت کی۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ مختلف شعبہ جات میں ابتر صورتحال اور خاص طور پر موجودہ برقی بحران کیلئے کانگریس پارٹی ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں کی گئی بے قاعدگیاں اور بدعنوانیاں تلنگانہ حکومت کیلئے مسائل میں اضافہ کا سبب بنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت کانگریس برسر اقتدار تھی تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے پونالہ لکشمیا اور جانا ریڈی سیما آندھرا قائدین کی جانب سے برقی پراجکٹ کو کڑپہ اور وجئے واڑہ منتقل کرنے سے روکنے میں ناکام ہوگئے۔ لہذا انہیں آج کانگریس پارٹی پر تنقید کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ پارٹی میں داخلی انتشار اور ایک دوسرے پر سبقت لیجانے کیلئے کانگریس قائدین حکومت کو نشانہ بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جانا ریڈی کسی بھی طرح پونالہ لکشمیا پر سبقت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ لہذا عوامی ہمدردی حاصل کرنے کیلئے حکومت کے خلاف بیان بازی کا آغاز کردیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے عوام سے جو وعدے کئے ، ان پر بہر صورت عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دراصل کانگریس قائدین کو کے سی آر کے عوامی بھلائی کے اقدامات پسند نہیں، لہذا وہ عمل آوری سے قبل ہی نکتہ چینی کرنے لگے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت ایک لاکھ روپئے تک کے زرعی قرضوں کی معافی کے وعدہ پر قائم ہے اور اس پر عمل آوری کے طریقہ کار کو قطعیت دی جارہی ہے۔ انہوں نے کانگریس قائدین سے کنٹراکٹ ملازمین کے مسائل پر موقف کی وضاحت کا مطالبہ کیا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ انتخابی منشور میں ٹی آر ایس نے کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کا وعدہ کیا ہے۔ اس وعدہ کی تکمیل سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع کم نہیں ہوں گے۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے قیام کی کوششیں جاری ہیں جس کے بعد تمام محکمہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا عمل شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو درپیش کئی مسائل پر کانگریس کا موقف واضح نہیں ہے۔ ہریش راؤ نے بی جے پی کے ریاستی صدر کشن ریڈی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے جب کبھی تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی بی جے پی قائدین نے خاموشی اختیار کرلی۔