تلنگانہ کے سرکاری اور ایڈیڈ اسکولس کو انفراسٹرکچر کیلئے مالی اعانت

درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں /8 جنوری تک توسیع ، سکریٹری / ڈائرکٹر اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور کا بیان

حیدرآباد ۔ /30 ڈسمبر (پریس نوٹ) تلنگانہ اسٹیٹ اُردو اکیڈیمی کے زیراہتمام سال 2015-16 ء کیلئے ریاست تلنگانہ کے سرکاری اور ایڈیڈ پرائمری ، اپر پرائمری اور ہائی اردو میڈیم اسکولس کو انفراسٹرکچر کی فراہمی کیلئے درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں /8 جنوری 2016 ء تک توسیع کردی گئی ہے ۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر / سکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ اُردو اکیڈیمی نے اپنے صحافتی بیان میں بتایا کہ /26 نومبر 2015 ء کو جاری اعلامیہ کے مطابق تلنگانہ اسٹیٹ اُردو اکیڈیمی کی اسکیم ’’ریاست تلنگانہ کے سرکاری و ایڈیڈ اردو میڈیم مدارس کو انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لئے مالی اعانت‘‘ کے سلسلہ میں ریاست کے اُردو میڈیم سرکاری و ایڈیڈ مدارس سے /30 ڈسمبر 2015 ء تک درخواستیں داخل کرنے کی خواہش کی گئی تھی ۔ لیکن ذمہ داران اردو مدارس ، اردو تنظیموں اور انجمنوں کی نمائندگیوں پر درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ میں /8 جنوری تک توسیع کردی گئی ہے ۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر / سکریٹری نے اس اسکیم کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت تلنگانہ اسٹیٹ اُردو اکیڈیمی کی جانب سے ریاست تلنگانہ کے اُردو میڈیم سرکاری و ایڈیڈ پرائمری ، اپر پرائمری اور ہائی اسکولس کو انفراسٹرکچر کی فراہمی کیلئے فی اسکول 50 ہزار روپئے مالی اعانت کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ انفراسٹرکچر اسکیم کے تحت مالی اعانت کے حصول کیلئے درخواست گذار اپنی درخواستیں اُردو اکیڈیمی سے جاری کردہ فارمس کی خانہ پری کرکے اس کی متعلقہ ڈی ای او سے تصدیق کرواکر روانہ کریں ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ درخواست فارم صدر دفتر تلنگانہ اسٹیٹ اُردو اکیڈیمی کے علاوہ ڈی ای اوز ، اُردو اکیڈیمی کے علاقائی مراکز ، اُردو اکیڈیمی کمپیوٹر سنٹرس و لائبریریز سے مفت حاصل کئے جاسکتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ درخواست گذار اپنی درخواستیں توسیع شدہ تاریخ /8 جنوری 2016 ء تک صدر دفتر تلنگانہ اسٹیٹ اُردو اکیڈیمی ، چوتھی منزل ، حج ہاؤز ، نامپلی ، حیدرآباد روانہ کرسکتے ہیں ۔