تلنگانہ کے سافٹ ویر انجینئر کی امریکہ میں موت

ہوسٹن 30 جنوری (پی ٹی آئی) یو ایس کے ٹیکساس میں کنٹراکٹ پیمنٹ پر کام کرنے والے ہندوستانی سافٹ ویر انجینئر کو اس کے کمرے میں مردہ پایا گیا۔ ہندوستانی قونصل خانہ کے مطابق 30 سالہ وینکنا گری کرشنا چیتنیا تین سال قبل امریکہ آیا تھا اور ایئر لنگٹن میں گیسٹ فیکلٹی کے طور پر کام کررہا تھا۔ ذرائع کے مطابق جب وہ خلاف معمول اپنے کمرے سے طویل وقت تک باہر نہیں آیا تو اس کے پڑوسیوں نے اس کے کمرے کا دروازہ توڑ کر دیکھا اور وہ مردہ پایا گیا۔ امریکی حکام کے مطابق انھوں نے اس کی اطلاع تلنگانہ میں اس کے گھر والوں کو دے دی ہے۔ ہوسٹن قونصلیٹ کے مطابق ہم مرنے والے شخص کے خاندان سے رابطے میں ہیں اور نعش کو ہندوستان بھیجنے کا انتظام کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ چیتنیا کی موت کے اسباب کا پتہ نہیں لگایا جاسکا۔

حالت نشہ میں ہنگامہ پر انسپکٹر معطل
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : نشہ کی حالت میں سڑک پر ہنگامہ کرنے والے ایک انسپکٹر کو معطل کردیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ عنبر پیٹ کے ٹریننگ انسپکٹر مسٹر گریش راؤ کو کمشنر رچہ کنڈہ نے معطل کردیا ہے ۔ جس نے کل رات جواہر نگر حدود میں اپنی کار سے راہگیروں کو ٹکر دی تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اطلاع کے فوری بعد حرکت میں آتے ہوئے جواہر نگر پولیس نے انسپکٹر گریش راؤ کی کار کو ضبط کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا تھا اور اس سرکل کو ریمانڈ بھی کردیا گیا تھا ۔ اس واقعہ کا سخت نوٹ لیتے ہوئے کمشنر رچہ کنڈہ کے مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت نے گریش راؤ کو معطل کردیا۔