تلنگانہ کے حجاج کرام کی واپسی کا آغاز، جذباتی مناظر

رشتہ داروں کا بہ دیدہ نم استقبال، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی جانب سے بھی خیرمقدم
حیدرآباد ۔ 14۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے حجاج کرام کی واپسی کا آج آغاز ہوا۔ مدینہ منورہ سے حجاج کرام کے تین قافلے آج وطن واپس ہوئے جن میں تقریباً ایک ہزار حجاج کرام موجود تھے ۔ ایر انڈیا کی خصوصی پروازوں سے حجاج کرام کی واپسی عمل میں آئی ہے۔ صبح ساڑھے آٹھ بجے پہلا قافلہ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچا جبکہ رات میں دو قافلے وطن واپس ہوئے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے پہلے قافلے کے حجاج کرام کے طیارہ کے قریب پہنچ کر استقبال کیا اور انہیں فریضہ حج کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی ۔ مکہ مکرمہ میں پیش آئے دو سانحات کے پس منظر میں حجاج کرام کی واپسی کے موقع پر جذباتی مناظر دیکھے گئے ۔ حجاج کے رشتہ دار اور دوست احباب نے فریضہ حج کی تکمیل اور بحفاظت واپسی پر بچشم نم اپنے رشتہ داروں کا استقبال کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے پہلے قافلے کے تمام حجاج کرام سے فرداً فرداً ملاقات کی اور انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ تمام حجاج کرام نے حج کمیٹی کے انتظامات اور مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ میں فراہم کی گئی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ کئی ضعیف العمر حجاج کرام نے ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی اور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کے سر پر ہاتھ رکھ کر انہیں دعائیں دیں۔

اس موقع پر سکریٹری اقلیتی بہبود شریمتی جی ڈی ارونا ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود ایم جے اکبر، مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن بی شفیع اللہ آئی ایف ایس اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ حجاج کرام نے بتایا کہ حکومت سعودی عرب نے حج کے دوران بہترین انتظامات کئے تھے اور رباط میں مقیم حجاج کرام کیلئے ناظر رباط کی جانب سے موثر انتظامات کئے گئے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر اور دیگر عہدیداروں کے ہاتھوں حجاج کرام کو فی کس 5 لیٹر زم زم کا کیان حوالے کیا گیا۔ حج کمیٹی کی جانب سے حجاج کرام کیلئے ریفریشمنٹ کا انتظام کیا گیا اور ان کے سامان کی منتقلی میں والینٹرس نے تعاون کیا۔ امیگریشن ، کسٹمس اور جی ایم آر کے عہدیداروں نے ضروری امور کی تکمیل جلد انجام دی جس کے باعث حجاج کرام کی جلد روانگی میں مدد ملی۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد محمود علی نے حج کمیٹی کی ستائش کی اور کہا کہ ہندوستان میں کسی بھی ریاست میں حجاج کرام کیلئے اس قدر موثر انتظامات نہیں کئے گئے جتنے حیدرآباد سے کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے حج کمیٹی کے لئے دو کروڑ روپئے بجٹ مختص کیا ہے اور چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے حجاج کرام کیلئے بہتر سہولتوں کی ہدایت دی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ایر انڈیا نے تمام فلائیٹس مقررہ وقت پر چلانے کا تیقن دیا ہے ، اس طرح اندرون ایک ہفتہ یعنی 20 اکتوبر تک تمام حجاج کرام حیدرآباد واپس ہوجائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ مدینہ منورہ میں موجود تمام حجاج کرام خیریت سے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ رباط میں تقریباً 600 حجاج کرام کیلئے قیام و طعام کے انتظامات کئے گئے تھے۔ اس کے لئے ناظر رباط محمد الشریف مبارکباد کے مستحق ہے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حیدرآباد سے جملہ 5451 حجاج کرام روانہ ہوئے تھے جن میں تلنگانہ کے 2963 ، آندھراپردیش کے 1819 اور کرناٹک کے چار اضلاع کے 654 حجاج کرام شامل ہیں۔ دوسری فلائیٹ رات 10 بجکر 20 منٹ اور تیسری فلائیٹ رات 12.30 بجے حیدرآباد پہنچی۔ ہر فلائیٹ میں 340 حجاج کرام کی گنجائش ہے ۔ حج ٹرمنل کے باہر وزیٹرس اور رشتہ داروں کیلئے خصوصی ٹینٹ نصب کیا گیا جس میں پینے کے پانی کا انتظام کیا گیا اور علحدہ وضو خانہ و نماز گاہ قائم کی گئی۔