تلنگانہ کے تلگو دیشم امیدواروں کے لیے بالا کرشنا کی انتخابی مہم

30 نومبر کو کوکٹ پلی سے مہم کا آغاز ، اضلاع کے دورے بھی شامل
حیدرآباد ۔ 28 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : ریاست تلنگانہ میں 7 دسمبر کو منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے مشہور تلگو فلم اسٹار و رکن اسمبلی تلگو دیشم پارٹی حلقہ ہندوپور مسٹر این بالا کرشنا مختلف تلگو دیشم پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے ۔ اس سلسلہ میں مسٹر بالا کرشنا کی انتخابی مہم کے شیڈول کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس انتخابی مہم پروگرام کے مطابق مسٹر این بالا کرشنا تلنگانہ میں پانچ روزہ انتخابی مہم چلائیں گے ۔ سب سے پہلے مسٹر کرشنا 30 نومبر کو اپنی بھتیجی حلقہ اسمبلی کوکٹ پلی کی عظیم اتحادی ( تلگو دیشم پارٹی ) امیدوارہ شریمتی ین سہاسنی کی تائید میں انتخابی مہم چلاکر سہاسنی کو کامیاب بنانے کی پر زور اپیل کریں گے ۔ بالا کرشنا یکم دسمبر کو حلقہ اسمبلی شیر لنگم پلی کے تلگو دیشم پارٹی امیدوار کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے ۔ پارٹی ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ 2 دسمبر کو بالا کرشنا ضلع کھمم کے مختلف حلقہ جات اسمبلی کھمم ، ستو پلی اور آشوا راؤ پیٹ کے امیدواروں کی تائید میں انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے منعقد کئے جانے والے عام جلسوں سے خطاب کریں گے ۔ اسی طرح 3 دسمبر کو حلقہ اسمبلی محبوب نگر اور حلقہ اسمبلی مکتھل میں تلگو دیشم پارٹی امیدواروں کی کامیابی کے لیے انتخابی مہم میں حصہ لیں گے ۔ علاوہ ازیں 4 دسمبر کو حلقہ جات اسمبلی راجندر نگر ، ابراہیم پٹن ، اوپل اور صنعت نگر میں تلگو دیشم پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے ۔۔