تلنگانہ کے آئی ٹی ایکسپورٹس میں 14 فیصد کا اضـافہ

حیدرآباد ۔ یکم جون ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ سے سافٹ ویر اور سروسیس ایکسپورٹس میں تقریبا 14 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور یہ 85,470 کروڑ تک پہونچ گئے ہیں ۔ مالیاتی سال 2016 میں یہ ایکسپورٹس 75,070 کروڑ کے تھے ۔ وزیر آئی ٹی و صنعت مسٹر کے ٹی راما راؤ نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے اپنے محکمہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کی آئی ٹی اور آئی ٹی ای ایس ایکسپورٹس میں 13.85 فیصد کا صحتمندانہ اضافہ ہوا ہے اور یہ قومی سطح کے اوسط 10 فیصد سے بھی چار فیصد زیادہ ہے ۔ مسٹر کے ٹی آر نے بتایا کہ ریاست میں آئی ٹی شعبہ میں کام کرنے والے ورکرس کی تعداد 4,31,891 ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2016-17 کے ڈاٹا کے مشاہدہ سے پتہ چلتا ہے کہ ریاست نے آئی ٹی ایکسپورٹس اور روزگار میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2020 تک آئی ٹی ایکسپورٹس کو 1,20,000 کروڑ تک پہونچانا حکومت کا نشانہ ہے ۔