تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت مسلمانوں اور گریجنوں کو تحفظات فراہم کرنے میں ناکام

تروپتی کے ٹی ڈی پی مہاناڈو میں کارگذار صدر تلنگانہ ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلگو دیشم پارٹی کے تروپتی میں جاری سہ روزہ مہاناڈو پروگرام میں ریاست تلنگانہ کے مسلمانوں اور گریجنوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا مسئلہ موضوع بحث رہا کارگزار صدر تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی مسٹر اے ریونت ریڈی نے تلنگانہ حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے انتخابات کے موقعہ پر مسلمانوں اور گریجنوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن آج جب صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت حکومت 12 فیصد تحفظات مسلمانوں اور گریجن طبقات کو فراہم کرنے سے پہلوتہی کررہی ہے ۔ مسٹر ریونت ریڈی نے تلگو دیشم پارٹی کے مہاناڈو جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ میں مسلمانوں ( اقلیتوں ) اور گریجن طبقات کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کے بعد ہی ملازمتوں کے تقررات سے متعلق اعلامیہ ( نوٹیفیکشن ) جاری کرنے کا تلنگانہ حکومت بالخصوص چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے مطالبہ کیا اور کہا کہ اگر حکومت تلنگانہ انتخابات کے موقعہ پر عوام سے کئے ہوئے وعدے کو پورا کرنے میں ناکام ثابت ہونے کی صورت میں تلنگانہ بالخصوص اقلیتی و قبائلی طبقات تلنگانہ حکومت کو بہتر سبق سکھائیں گے ۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت کو حدف ملامت بناتے ہوئے کہا کہ مسٹر چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت دو سالہ حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کو یکسر نظر انداز کردیا اور صرف زبانی اعلانات کے ذریعہ دو سال مکمل کیے اور کوئی عملی اقدامات نہیں کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کے اس طرز عمل کے خلاف عوام میں بیداری پیدا کرنے کے لیے خصوصی مہم کا بہت جلد آغاز کیا جائے گا ۔۔